نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مقبول ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ (جی ٹی اے) کی مثال دیتے ہوئے اپنی حکومت کے 11 سال اور اس سے پہلے کی حکومت کے دور میں ہندوستان کی ترقی کا موازنہ پیش کیا۔ جی ٹی اے کے ورژن 6 کے جاری ہونے کے موقع پر وزیر اعظم نے مختلف موجودہ معاشی اشاریوں کا موازنہ 2013 کے حالات سے کیا، جب جی ٹی اے 5 جاری ہوا تھا۔ جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں جاری ہوا تھا، یعنی نریندر مودی کے مئی 2014 میں وزیر اعظم بننے سے چند ماہ پہلے۔ مودی نے گیم کے دونوں ورژن کے درمیان گزرے وقت کو ہندوستان میں ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کیا۔
وزیر اعظم نے ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا، ’’ہندوستان ایک بالکل نیا کھیل کھیل رہا ہے!‘‘ اس کے ساتھ وزیر اعظم نے ایک گرافک بھی شیئر کیا، جس میں 2014 سے پہلے کے ہندوستان اور موجودہ صورت حال کے درمیان 9 شعبوں کے مختلف قومی اشاریوں کا موازنہ کیا گیا ہے۔ معاشی محاذ پر گرافک میں ہندوستان کی سابقہ حیثیت ’فریجائل فائیو‘ یعنی کمزور معیشتوں کے گروپ میں شامل ہونے سے لے کر موجودہ دور میں دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت بننے تک کا موازنہ کیا گیا ہے۔ غربت کے حوالے سے پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی غربت کی شرح 27 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گئی ہے۔
India is playing a whole new game! https://t.co/CMkMbK6vII
— Narendra Modi (@narendramodi) November 19, 2026
صفائی کے شعبے میں ’سوچھ بھارت ابھیان‘ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صفائی سے متعلق مشن کی کوریج 39 فیصد سے بڑھ کر 100 فیصد ہو گئی ہے۔ گرافک میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بھی ہندوستان کی توسیع کو نمایاں کیا گیا۔ اس کے مطابق شمسی توانائی کی صلاحیت 2.82 گیگاواٹ سے بڑھ کر 175 گیگاواٹ ہو گئی ہے۔ خلائی شعبے میں اسٹارٹ اپس کی تعداد میں اضافے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی تعداد ایک سے بڑھ کر 440 ہو گئی ہے۔ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے ریلوے لائنوں کی برقی کاری 20 فیصد سے بڑھ کر 99.6 فیصد تک پہنچنے کا ذکر کیا گیا۔
وزیر اعظم نے انٹرنیٹ کی قیمتوں میں کمی کو بھی نمایاں کیا۔ پوسٹ کے مطابق 3G کے دور میں 1 جی بی ڈیٹا کی قیمت 308 روپے تھی، جو 5G کے دور میں کم ہو کر 7.51 روپے رہ گئی ہے۔ دفاع کے شعبے میں گرافک میں ہندوستان کو پہلے ایک بڑے دفاعی درآمد کنندہ کے طور پر دکھایا گیا، جبکہ موجودہ دور میں ہندوستان کے 80 سے زیادہ ممالک کو دفاعی سازوسامان برآمد کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس میں برہموس میزائل کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
پوسٹ میں نکسل تشدد کے خاتمے کو بھی حکومت کی ایک اہم کامیابی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق نکسل تشدد سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 182 سے کم ہو کر صفر رہ گئی ہے۔ دریں اثنا، ہندوستان کی معاشی ترقی حکومت کے ترقیاتی بیانیے کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں ہندوستان کی حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ حقیقی مجموعی قدرِ افزوده (جی وی اے) میں 8.2 فیصد کی شرح سے اضافہ درج کیا گیا۔