نئی دہلی، وزارت داخلہ نے ملک بھر میں پولیس اور دیگر حفاظتی اداروں کے درمیان رابطے کے نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے مجوزہ مواصلاتی نیٹ ورک کے ڈھانچے پر عوام اور متعلقہ اداروں سے رائے اور تجاویز طلب کی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت پورے ہندوستان میں ایک مخصوص براڈبینڈ پبلک پروٹیکشن اینڈ ڈیزاسٹر ریلیف (بی بی-پی پی ڈی آر) مواصلاتی نظام قائم کرنے کی تجویز ہے۔
مجوزہ نیٹ ورک کے ذریعے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس، مرکزی مسلح پولیس فورسز، قومی آفات سے نمٹنے والی فورس، فائر سروس، طبی خدمات اور عوامی تحفظ سے وابستہ دیگر اداروں کو اہم نوعیت کی مواصلاتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان میں فوری صوتی رابطے، اہم معلومات کی ترسیل اور ویڈیو کے ذریعے رابطے کی سہولت شامل ہوگی، تاکہ ہنگامی حالات میں متعلقہ ادارے تیزی اور مؤثر انداز میں ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں۔
وزارت داخلہ اس نظام کے لیے ایک معیاری خاکہ تیار کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد سے نیٹ ورک کی تیاری اور نفاذ کے مختلف پہلوؤں پر تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی ایک پوسٹ کے مطابق، متعلقہ اداروں اور دیگر فریقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نظام کے ڈیزائن کے مختلف متبادل طریقوں، اختیار کی جانے والی ٹیکنالوجی، ان کے فوائد اور نقصانات، لاگت میں کفایت اور ہندوستانی حالات کے مطابق مختلف طریقوں کی موزونیت کے بارے میں اپنی رائے دیں۔
مجوزہ مواصلاتی نظام سے متعلق تصوراتی نوٹ وزارت داخلہ اور ڈائریکٹوریٹ آف کوآرڈینیشن پولیس وائرلیس کی ویب سائٹوں پر دستیاب کرادیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر یہ دستاویز ہوم، ڈاکیومنٹس، آرڈرز اینڈ سرکلرس کے حصے میں دیکھی جاسکتی ہے۔ وہیں ڈائریکٹوریٹ آف کوآرڈینیشن پولیس وائرلیس کی ویب سائٹ پر یہ ہوم، ڈاکیومنٹس، اسٹیک ہولڈر کنسلٹیشنز، ہوم، اناؤنسمنٹس اور ہوم، واٹس نیو کے حصوں میں دستیاب ہے۔ وزارت نے متعلقہ اداروں اور عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تجاویز اور آرا ای میل کے ذریعے [email protected] اور [email protected] پر بھیجیں۔