لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ہفتہ کو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کی مرکزی حکومت کی کوشش کا خیرمقدم کیا، تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کوٹے کے اندر درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے الگ ریزرویشن کا انتظام کیا جائے۔ سابق وزیر اعلیٰ اتر پردیش نے ایکس پر ہندی میں ایک طویل پوسٹ میں کہا کہ صدیوں سے استحصال، ظلم اور نظراندازی کا شکار ایس سی اور ایس ٹی برادریوں کی خواتین کے لیے مجوزہ 33 فیصد کوٹے کے اندر الگ ریزرویشن دیا جاتا تو یہ ایک تاریخی قدم ہوتا۔
مایاوتی نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس مطالبے پر ہمدردی کے ساتھ غور کرنا چاہیے، کیونکہ یہ مناسب اور انصاف پر مبنی قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مساوات پر مبنی نظریات اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی قیادت میں تیار کیے گئے آئین کے اصولوں کے مطابق بی ایس پی ہمیشہ خواتین کے وقار، سلامتی اور سیاست میں مناسب نمائندگی کی مضبوط حامی رہی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ ان کی پارٹی معاشرے کے تمام طبقات کی خواتین کے احترام اور تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاست میں انہیں مناسب عزت اور مواقع فراہم کرنے کی مسلسل وکالت کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس پی پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو جلد نافذ کرنے کا مطالبہ بھی مسلسل کرتی رہی ہے، اس لیے اس سلسلے میں مرکزی حکومت کے تازہ فیصلے کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ تاہم مایاوتی نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں میں 50 فیصد اضافے اور حلقہ بندی سے متعلق مجوزہ 3 بلوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور انتخابی مفادات کو پورا کرنے کے لیے حلقہ بندی کی حدود طے کرنے میں بے قاعدگیوں کے الزامات کوئی نئی بات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں جو بھی پارٹی اقتدار میں ہوتی ہے، وہ عام طور پر قومی اور عوامی مفادات کے مقابلے میں اپنی پارٹی کے مفادات کو زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ مایاوتی نے جمہوریت اور آئین کے تحفظ میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مذہب، ذات یا علاقائی وابستگی سے متاثر ہوئے بغیر اچھے امیدواروں کا انتخاب کریں اور پرکشش وعدوں، دعوؤں اور اعلانات کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عوامل سے متاثر ہوئے بغیر اچھے امیدواروں کا انتخاب ہی ملک کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ اور انہیں مضبوط رکھنے کی حقیقی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی اسی مقصد کے لیے پرعزم ہے۔
مایاوتی کا یہ بیان مرکزی حکومت کی جانب سے 30 نومبر سے 3 دسمبر تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلائے جانے سے قبل آیا ہے۔ اس دوران ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ حکومت 2026 کے آئین (131ویں ترمیم) بل کا نیا یا نظرثانی شدہ مسودہ پیش کر سکتی ہے، جس کا مقصد 2029 کے عام انتخابات سے قبل لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر کو ہوگا، جبکہ راجیہ سبھا 2 دسمبر کو اجلاس کرے گی۔ حکومت نے کہا ہے کہ دونوں ایوانوں میں ’ضروری امور‘ انجام دیے جائیں گے، تاہم قانون سازی سے متعلق تفصیلی ایجنڈا ابھی باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ کو پارلیمنٹ نے 2023 میں منظور کیا تھا، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس ریزرویشن کے نفاذ کو مردم شماری اور اس کے بعد ہونے والی حلقہ بندی سے جوڑا گیا ہے۔