ہندوستانی شہری سے شادی، ویزا کا حق نہیں: دہلی ہائی کورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
ہندوستانی شہری سے شادی، ویزا کا حق نہیں: دہلی ہائی کورٹ
ہندوستانی شہری سے شادی، ویزا کا حق نہیں: دہلی ہائی کورٹ

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ کسی ہندوستانی شہری سے شادی کرنے سے کسی غیر ملکی شہری کو خود بخود انٹری (X-1) ویزا حاصل کرنے یا ہندوستان میں رہنے کا ناقابل تنسیخ حق حاصل نہیں ہوجاتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کے ملک میں داخلے اور ان کے قیام کو جاری رکھنے کا معاملہ ریاست کے خودمختار اختیار کے دائرے میں آتا ہے۔ جسٹس امیت مہاجن نے یہ مشاہدہ ایک امریکی شہری کی جانب سے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے کیا۔ درخواست گزار نے اپنے موجودہ ای-ٹورسٹ ویزا کو ہندوستانی شہری سے شادی کی بنیاد پر اسپاؤس ویزا میں تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے امیگریشن حکام کی جانب سے پیش کی گئی وضاحت کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ مجموعی حالات کو دیکھتے ہوئے یہ شبہ بے بنیاد نہیں تھا کہ موجودہ شادی امیگریشن فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے کی گئی ہو سکتی ہے۔ حکام نے عدالت کو بتایا کہ ان کی جانچ صرف درخواست گزار اور اس کے شوہر کے درمیان عمر کے فرق کی بنیاد پر نہیں تھی بلکہ اس کے سابقہ ازدواجی تعلقات، ہندوستان میں طویل قیام، شادیوں کے ذریعے امیگریشن فوائد حاصل کرنے کی سابقہ کوششوں، رہائش کے انتظامات، آمدنی کے ذرائع اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے بارے میں دی گئی وضاحتوں کو بھی مدنظر رکھا گیا تھا۔

حکام کے جواب کے مطابق درخواست گزار نے اس سے قبل ایک او سی آئی کارڈ ہولڈر سے شادی کی تھی، جس کی بنیاد پر اسے او سی آئی کا درجہ حاصل ہوا تھا۔ جولائی 2021 میں یہ شادی ختم ہونے کے بعد نومبر 2023 میں اس کا او سی آئی درجہ منسوخ کردیا گیا۔ اس کے بعد دسمبر 2022 میں اس نے ایک اور شادی کی اور اسی بنیاد پر ویزا تبدیل کرنے اور اس میں توسیع کی درخواست دی، تاہم ضروری دستاویزات میں خامیوں کے باعث اسے مطلوبہ امیگریشن فوائد حاصل نہیں ہوسکے۔ یہ دوسری شادی بھی نومبر 2025 میں ختم ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ موجودہ شادی اس کی تیسری شادی تھی اور اس کے امیگریشن ریکارڈ اور دیگر حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس پر شبہات پیدا ہوئے۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ درخواست گزار اپنی موجودہ شوہر کی ملکیت والے مکان میں شادی سے پہلے ہی کرائے دار کی حیثیت سے رہ رہی تھی۔ ریکارڈ سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ سابقہ شادی کی بنیاد پر امیگریشن فوائد حاصل کرنے کی کوشش کے دوران اس کا موجودہ شوہر اس کے ساتھ رہا تھا۔ ان تمام حالات کو سامنے رکھتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے ابتدائی طور پر یہ رائے قائم کی کہ موجودہ شادی سہولت کی شادی ہو سکتی ہے اور امیگریشن فوائد حاصل کرنے کے لیے مالی یا معاہداتی انتظامات کے امکان کو خارج نہیں کیا جاسکتا۔

جسٹس مہاجن نے حکام کی وضاحت کو قبول کرتے ہوئے کہا، ’’عدالت سمجھتی ہے کہ جواب دہندگان کی جانب سے جو وضاحت جوابی حلف نامے میں دی گئی ہے، وہ تسلی بخش ہے اور شبہ کی بنیاد بھی موجود ہے۔‘‘ عدالت نے مزید کہا کہ کسی غیر ملکی شہری کو ہندوستان میں داخلے یا مسلسل قیام کا کوئی پیدائشی یا قانونی طور پر قابل نفاذ حق حاصل نہیں ہے۔ محض ہندوستانی شہری سے شادی کرلینے سے موجودہ ویزا کو انٹری (X-1) ویزا میں تبدیل کرنے کا خودکار حق پیدا نہیں ہوتا۔ امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ، 2025 کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ویزا جاری کرنا، اس کی قسم تبدیل کرنا، اس میں توسیع کرنا اور غیر ملکی شہریوں کے قیام کو منظم کرنا مجاز حکام کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے لوئس ڈی ریڈٹ بنام یونین آف انڈیا کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ آئین کے تحت غیر ملکیوں کو حاصل بنیادی حقوق میں آرٹیکل 21 کے تحت زندگی اور شخصی آزادی کا حق شامل ہے، لیکن آرٹیکل 19(1)(e) کے تحت ہندوستان میں رہنے اور سکونت اختیار کرنے کا حق شامل نہیں، کیونکہ یہ حق صرف ہندوستانی شہریوں کو حاصل ہے۔ عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے راندا شہاب بنام یونین آف انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بھی کہا کہ ہندوستان میں کسی غیر ملکی شہری کا داخلہ یا قیام ریاست کے خلاف قابل نفاذ حق نہیں بلکہ ریاست کے خودمختار اختیار کا معاملہ ہے۔ درخواست گزار نے اسپیشل میرج ایکٹ، 1954 کے تحت جاری کردہ شادی کے سرٹیفکیٹ پر بھی انحصار کیا تھا۔

یہ سرٹیفکیٹ 18 مارچ 2026 کو میرج آفیسر کے سامنے شادی کی تکمیل کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ جوڑے نے 7 دسمبر 2025 کو مسلم رسومات اور روایات کے مطابق بھی شادی کی تھی۔ تاہم ہائی کورٹ نے کہا کہ شادی کا سرٹیفکیٹ جاری ہوجانے سے مجاز امیگریشن اتھارٹی کو شادی کے دیگر حالات اور مطلوبہ ویزا کے لیے درخواست گزار کی اہلیت کا جائزہ لینے سے نہیں روکا جاسکتا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ درخواست گزار کے شوہر نے ان کے ازدواجی تعلق، ساتھ رہنے اور شادی کے حالات سے متعلق دعوؤں کی تصدیق کے لیے کوئی حلف نامہ داخل نہیں کیا تھا۔

تاہم عدالت نے واضح کیا کہ صرف حلف نامہ داخل نہ کیے جانے کی بنیاد پر یہ فیصلہ نہیں کیا جاسکتا کہ شادی حقیقی ہے یا نہیں۔ عدالت نے کہا، ’’عدالتی نظرثانی کے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے اس عدالت کا کام یہ نہیں ہے کہ وہ کسی غیر ملکی شہری کے داخلے سے متعلق معاملے میں مجاز اتھارٹی کے جائزے کو اپنے جائزے سے تبدیل کردے۔‘‘ درخواست گزار نے آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ حکام نے اسے اور اس کے شوہر سے بار بار پوچھ گچھ کی اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے باوجود اس کی اسپاؤس ویزا درخواست پر مثبت کارروائی نہیں کی۔

اس نے ملک بدری یا کسی بھی جبری کارروائی سے تحفظ، اپنے وکیل کی موجودگی میں ذاتی سماعت اور مبینہ ہراسانی و مالی نقصان کے عوض 5 لاکھ روپے معاوضے کی بھی درخواست کی تھی۔ ہائی کورٹ نے زیر التوا درخواستوں کے ساتھ اصل درخواست بھی خارج کردی۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ اس نے شادی کی قانونی حیثیت یا اس کے حقیقی ہونے پر کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس کے مشاہدات صرف امیگریشن فوائد کے لیے درخواست گزار کے دعوے اور اس کی درخواست کے بارے میں حکام کی جانب سے کی گئی جانچ تک محدود ہیں۔