منی پور تشدد۔ :سپریم کورٹ نے راحتی کیمپوں میں 25 غیر فطری اموات پر رپورٹ طلب کرلی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2026
منی پور تشدد۔ :سپریم کورٹ نے راحتی کیمپوں میں 25 غیر فطری اموات پر رپورٹ طلب کرلی
منی پور تشدد۔ :سپریم کورٹ نے راحتی کیمپوں میں 25 غیر فطری اموات پر رپورٹ طلب کرلی

 



نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے منی پور کے چیف سکریٹری سے راحتی کیمپوں میں ہونے والی 25 غیر فطری اموات کے بارے میں جامع رپورٹ طلب کی ہے۔ ان معاملات میں مبینہ جنسی زیادتی کا ایک واقعہ بھی شامل ہے۔ عدالت نے ریاست سے تمام 25 معاملات کی تفصیلات۔ پوسٹ مارٹم رپورٹس اور اموات کی وجوہات سے متعلق دیگر دستاویزات پیش کرنے کو کہا ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت۔ جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ نے پوسٹ مارٹم کی محدود تعداد اور متاثرہ خاندانوں کو دی جانے والی معاوضے کی رقم پر بھی ریاست سے وضاحت طلب کی۔

عدالت نے دریافت کیا کہ مبینہ طور پر 25 میں سے صرف 20 معاملات میں پوسٹ مارٹم کیوں کرایا گیا اور متاثرہ خاندانوں کو صرف 20,000 سے 30,000 روپے تک معاوضہ کیوں دیا گیا۔یہ حکم 2023 کے منی پور نسلی تشدد کے دوران جنسی تشدد کے معاملات کی تحقیقات اور مقدمات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے سامنے سابق چیف جسٹس جموں و کشمیر ہائی کورٹ گیتا متل کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی جس میں اموات اور معاوضے سے متعلق مسائل کا ذکر کیا گیا تھا۔

عدالت کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں 8 اضلاع کے راحتی کیمپوں میں مجموعی طور پر 640 اموات کا حوالہ دیا گیا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے منی پور کے ایڈووکیٹ جنرل سے کمیٹی کی جانب سے 4 جولائی کو مانگی گئی معلومات کے حوالے سے ریاست کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں سوال کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ عدالت کو بتائے کہ اس نے کیا اقدامات کیے ہیں۔

بنچ نے ریاست کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ راحتی کیمپوں میں اندرون ریاست بے گھر افراد کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی وضاحت کرے۔ عدالت نے کیمپوں میں مقیم افراد کو مناسب طبی سہولیات اور روزمرہ کی ضروری اشیا فراہم کرنے کے اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کیں۔سپریم کورٹ نے منی پور لیگل سروسز اتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں لے اور تمام غیر فطری اموات کے معاملات میں ایف آئی آر درج کرانے کو یقینی بنائے۔ عدالت نے اموات کی وجوہات کا درست تعین۔ تیز رفتار تحقیقات اور بے گھر افراد و متاثرین کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔

سپریم کورٹ پہلے بھی منی پور کے راحتی کیمپوں میں بنیادی سہولیات۔ طبی نگہداشت اور بے گھر افراد کی بحالی کے انتظامات کے حوالے سے ریاست سے رپورٹ طلب کرچکی ہے۔