نئی دہلی: مہاراشٹر پولیس کو خواتین کے مبینہ جنسی استحصال کے مقدمات میں مطلوب ایک شخص کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی مربوط کارروائی کے بعد جمعہ کو متحدہ عرب امارات سے ہندوستان ڈی پورٹ کردیا گیا۔ سی بی آئی کے ترجمان بینا یادو نے ایک بیان میں بتایا کہ مفرور ملزم محمد مازن کے خلاف انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری تھا۔ وہ ایک ایسے مقدمے میں مطلوب تھا جس میں الزام ہے کہ اس نے شادی کا جھوٹا وعدہ کرکے متاثرہ خاتون کو اپنے جال میں پھنسایا، اس کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کیا اور اسے جسمانی، ذہنی اور مالی طور پر استحصال کا نشانہ بنایا۔
اس نے مبینہ طور پر خاتون سے بے ایمانی سے 18 لاکھ روپے بھی حاصل کیے تھے۔ یادو نے کہا کہ اس معاملے میں متعلقہ عدالت کے سامنے چارج شیٹ پہلے ہی داخل کی جاچکی ہے۔ مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے شادی کا جھانسہ دے کر اسی طرح 13 دیگر خواتین کا بھی استحصال کیا، ان سے رقم حاصل کی اور ان کے ساتھ بنائے گئے نجی لمحات کی ویڈیوز ریکارڈ کیں۔ اس کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔ سی بی آئی نے مہاراشٹر پولیس کی درخواست پر انٹرپول کے ذریعے مازن کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروایا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی جغرافیائی موجودگی کا سراغ لگایا گیا اور متحدہ عرب امارات کے حکام نے اسے گرفتار کرلیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اماراتی حکام نے اسے ہندوستان ڈی پورٹ کرنے کی اجازت دی۔ مہاراشٹر پولیس کی ایک ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچی، جہاں ملزم کو اس کے حوالے کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہندوستان سے گئی پولیس ٹیم ملزم کو لے کر جمعہ کو کوچین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ سی بی آئی کے مطابق انٹرپول کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے ایجنسی نے 2026 میں اب تک 74 مفرور ملزمان کو ہندوستان واپس لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔