کوزی کوڈ: ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کوزی کوڈ کے کرانتر میں واقع مرکز میں ہندوستان کے گرینڈ مفتی کانتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار سے ملاقات کی۔ مرکز پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔انور ابراہیم ہندوستان کے اپنے 5 روزہ دورے کے تحت نئی دہلی میں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد کوزی کوڈ پہنچے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم تقریباً شام 5:40 بجے مرکز پہنچے جہاں مرکز کے ورکنگ سکریٹری محمد عبدالحکیم ازہری اور سکریٹری سی محمد فیضی سمیت دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
اس کے بعد انہوں نے ہندوستان کے گرینڈ مفتی کانتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار کے ساتھ نجی ملاقات کی۔ ملاقات میں مرکز اور ملائیشیا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم ثقافت اور علم کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ ملائیشیا میں مقیم ہندوستانی برادری کی فلاح و بہبود بھی گفتگو کا اہم موضوع رہی۔مرکز کنونشن سینٹر میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران شیخ ابوبکر فاؤنڈیشن کا ’’ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پیش کیا گیا۔ یہ ایوارڈ انسانی خدمت سماجی اصلاح اور تعلیمی ترقی کے شعبوں میں نمایاں کام کرنے والی شخصیات کو اعزاز دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
Had a fruitful interaction with YAB Dato’ Seri Anwar bin Ibrahim, Hon’ble Prime Minister of Malaysia, at Markazu Saquafathi Sunniyya, Calicut. pic.twitter.com/Ti5ZC3oefn
— Sheikh Abubakr Ahmad الشيخ أبوبكر أحمد (@shkaboobacker) September 13, 2026
ملائیشیا کی حکومت کی سرپرستی میں گزشتہ 3 برسوں کے دوران منعقد ہونے والی بین الاقوامی محافل تلاوت حدیث کے انعقاد پر اظہار تشکر کے طور پر گرینڈ مفتی نے انور ابراہیم کو صحیح بخاری کا ایک ہاتھ سے لکھا ہوا نسخہ پیش کیا۔ صحیح بخاری دنیا میں احادیث کے معروف ترین مجموعوں میں شمار ہوتی ہے۔استقبالیہ تقریب کے بعد انور ابراہیم نے گرینڈ مفتی کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ اس میں مذہبی سیاسی سماجی ثقافتی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔رات تقریباً 9:30 بجے انور ابراہیم نے کانتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار کے ہمراہ مداوور سی ایم ولی اللہ درگاہ کا بھی دورہ کیا۔ یہ جنوبی ہندوستان کا ایک اہم زیارتی مرکز ہے۔گرینڈ مفتی سے ملاقات کے لیے انور ابراہیم کا کیرالہ کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ ان کا مرکز کا پہلا دورہ ستمبر 2022 میں ہوا تھا۔ یہ دورہ ان کے ملائیشیا کے وزیر اعظم بننے سے چند ہفتے قبل ہوا تھا۔

2023 میں ملائیشیا کی حکومت نے کانتھا پورم اے پی ابوبکر مسلیار کو ’’ہجری ایوارڈ‘‘ سے نوازا تھا۔ یہ ملک میں اسلامی علما کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ گرینڈ مفتی کی 6 دہائیوں پر محیط تدریس حدیث کے اعتراف میں 2023 اور 2024 کے بعد 2025 میں بھی کوالالمپور میں بین الاقوامی محافل تلاوت حدیث کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات کو ملائیشیا کی حکومت کی حمایت حاصل تھی۔کیرالہ پہنچنے سے قبل انور ابراہیم نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ریاست کا ان کا دورہ ملائیشیا اور ہندوستان کے درمیان تجارت سیاحت سرمایہ کاری اقتصادی تعاون تعلیم اور رابطے کے شعبوں میں نمایاں رفتار اور پیش رفت پیدا کرنے میں مدد دے گا۔
تقریب میں ریاستی صنعتوں کے وزیر پی کے کنہالی کٹی کرناٹک کے وزیر صحت یو ٹی قادر سماسٹہ کیرالہ جمعیت العلماء کے رہنما ای سلیمان مسلیار سید علی بافاکی تنگل سید ابراہیم الخلیل البخاری پیروڈ عبد الرحمن ثقافی سی محمد فیضی وی پی ایم فیضی ویلیاپلی پنکڑ سید صادق علی شهاب تنگل کٹور عبدالرحمن حاجی اے پی عبدالکریم حاجی چالیام اور مذہبی سیاسی سماجی ثقافتی و کاروباری حلقوں کی دیگر اہم شخصیات نے ملاقات اور استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔