ممبئی: سینئر اداکارہ مندکنی نے کئی سال قبل ان کی اور انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی سامنے آنے والی متنازع تصویر کے بارے میں وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داؤد نے انہیں مدعو نہیں کیا تھا بلکہ وہ ایک شو کے لیے دبئی گئی تھیں اور اس کے بعد ایک کرکٹ میچ دیکھنے پہنچی تھیں، جہاں یہ تصویر کھینچی گئی۔ اے این آئی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مندکنی نے کہا کہ تصویر سامنے آنے کے بعد اس پر ہونے والی قیاس آرائیوں اور خبروں پر ان کا کوئی اختیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک فن کار کی حیثیت سے انہیں بہت سے لوگوں سے ملنا پڑتا ہے اور وہ لوگوں کے درمیان کسی طرح کا فرق نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا، ’’لوگ جو لکھنا چاہیں یا جو کہنا چاہیں، اس پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہوتا۔ ایک فن کار کو ہزاروں لوگوں سے ملنا پڑتا ہے اور ہمارے لیے سب برابر ہوتے ہیں۔
وہاں بہت سے لوگ ساتھ تھے، ہم کس کے لیے انتخاب کریں اور کس کے لیے نہ کریں؟ ہم وہاں ایک شو کے لیے گئے تھے۔ نہیں، مجھے داؤد نے مدعو نہیں کیا تھا۔ میں دبئی ایک شو کے لیے گئی تھی اور پھر میچ دیکھنے گئی۔ اس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔‘‘ بعد میں یہ تصویر تنازع کا موضوع بن گئی اور اس حوالے سے بڑے پیمانے پر قیاس آرائیاں ہوئیں۔
مندکنی کے مطابق اس تنازع نے ان کے فلمی کیریئر کو بھی خاصا نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا، ’’اس تنازع نے بہت نقصان پہنچایا۔ بعد میں مجھے احساس ہوا کہ ایسی تمام چیزوں کو سنبھالنے کے لیے ایک ٹیم ہونی چاہیے۔ میں نے ہر جگہ ان افواہوں کی تردید کی۔‘
‘ مندکنی نے اپنی پہلی فلم ’’رام تیری گنگا میلی‘‘ سے شہرت حاصل کی، جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ راج کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم بڑی کامیاب رہی اور مندکنی 1980 کی دہائی میں ہندی سنیما کی نمایاں اداکاراؤں میں شامل ہوگئیں۔ فلم کی کامیابی کے بعد مندکنی نے ہندی سنیما میں کام جاری رکھا اور اپنے فلمی کیریئر کے دوران 75 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے انیل کپور، متھن چکرورتی اور گووندا سمیت کئی معروف اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔