امریکہ سے ڈی پورٹ خالصتان حامی گرفتار، این آئی اے کی کاروائی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
امریکہ سے ڈی پورٹ خالصتان حامی گرفتار، این آئی اے کی کاروائی
امریکہ سے ڈی پورٹ خالصتان حامی گرفتار، این آئی اے کی کاروائی

 



نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کے روز دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پر خالصتان زندہ باد فورس (کے زیڈ ایف) کے ایک حامی کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کو امریکا سے ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ این آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت سریندر سنگھ عرف ٹھکریوال کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے امریکی حکام نے حراست میں لیا تھا اور امریکی حکومت کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے بھارت واپس بھیجا گیا۔ ٹھکریوال کو ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (ڈی ایف سی سی آئی ایل) کی ریلوے لائن پر دھماکے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ دھماکہ رواں سال 27 اپریل کو شمبھو اور راج پورہ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان کلومیٹر نمبر 1174-5 پر کیا گیا تھا۔ این آئی اے کے مطابق دھماکے کا مقصد خالصتان زندہ باد فورس کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو آگے بڑھانا، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا اور پنجاب میں امن و امان کی صورت حال کو غیر مستحکم کرنا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایجنسی کو معلوم ہوا کہ راج پورہ-شمبھو ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد ٹھکریوال نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں اس واقعے کی حمایت اور تعریف کی گئی تھی۔

این آئی اے کے مطابق ویڈیو میں ٹھکریوال نے اس مجرمانہ سازش میں ملوث ملزمان کی بھی حمایت کی تھی، جن میں جگروپ سنگھ بھی شامل تھا، جو دھماکے کو انجام دیتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔ ایجنسی نے بتایا کہ ٹھکریوال نے کالعدم دہشت گرد تنظیم خالصتان زندہ باد فورس کو ’’قومی تنظیم‘‘ قرار دیا تھا اور نامزد دہشت گرد رنجیت سنگھ عرف نیتا کو ’’قوم کا جنرل‘‘ کہا تھا۔ این آئی اے نے تحقیقات کے دوران ملزم کے خلاف لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) بھی جاری کیا تھا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اس کے خلاف متعدد فوجداری مقدمات بھی درج ہیں۔ اس گرفتاری کے ساتھ ہی راج پورہ-شمبھو دھماکہ کیس میں این آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ ایجنسی کے مطابق اس وسیع تر سازش کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد بیرون ملک موجود دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور ان کی مالی معاونت اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے۔