ترواننت پورم: کیرالہ کے وزیر داخلہ رمیش چنیتھلا نے پیر کے روز کہا کہ ریاستی حکومت کی منشیات مخالف مہم ’آپریشن طوفان‘ کو مرکزی حکومت کی مہم ’نشہ مکت بھارت‘ کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ یہ فیصلہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تجویز پر کیا گیا ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چنیتھلا نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اس پہل سے اختلاف کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور ریاست اس مہم میں مرکز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ امت شاہ نے ریاست میں منشیات کے خلاف چلائی جا رہی مہم کی کامیابیوں کی ستائش کی ہے اور مشورہ دیا ہے کہ اسے مرکزی حکومت کی مہم کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں پولیس بڑی مقدار میں منشیات ضبط کر رہی ہے اور حکومت کی ’آپریشن طوفان‘ مہم کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے۔
اب یہ مہم اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جس کے تحت منشیات کے عادی افراد کی دیکھ بھال اور ان کی بازآبادکاری کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ہمارے لیے سب سے اہم کام ہے۔ تقریباً 35 اسپتالوں نے بازآبادکاری کے اس عمل میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ان اسپتالوں کے نمائندوں کی ایک میٹنگ جلد ہی ریاستی دارالحکومت میں بلائی جائے گی۔‘‘
چنیتھلا نے مزید کہا کہ منشیات کے خلاف اس لڑائی میں تمام برادریوں کو ساتھ لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور امت شاہ نے بھی یہی تجویز پیش کی ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق اس مہم کے نتیجے میں ریاست میں جرائم کی شرح میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ کامیابی کافی نہیں ہے۔ ہمیں اس مہم کو مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔ آپریشن طوفان ختم نہیں ہو رہا ہے، بلکہ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، جس کا مقصد آنے والی نسلوں کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔