ممبئی: مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جمعہ کو ممبئی کے جوہو بیچ پر ’’سوچھ ساگر، سرکشِت ساگر‘‘ ساحلی صفائی مہم میں شرکت کی۔ یہ پروگرام عالمی یومِ ساحلی صفائی سے ایک دن پہلے منعقد کیا گیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہا کہ عالمی یومِ ساحلی صفائی ہر سال ستمبر کے تیسرے ہفتے کے ہفتہ کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، جبکہ ہندوستان میں اس کی شروعات 2021-22 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی ساحلی پٹی تقریباً 11 ہزار سے 12 ہزار کلومیٹر طویل ہے اور تقریباً 12 سے 13 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ساحلی علاقوں میں واقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ساحلی علاقوں کو صاف رکھنے کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی لال قلعے سے کی گئی ایک اہم اعلان کے بعد ’’ڈیپ اوشن مشن‘‘ شروع کیا گیا تھا۔ اس مشن کا مقصد سمندر میں موجود دھاتوں، معدنیات، مچھلی کے ذخائر، حیاتیاتی تنوع اور طبی وسائل کی تلاش اور ان کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا، ’’وزیر اعظم مودی نے ڈیپ اوشن مشن شروع کیا ہے۔ اس کے تحت تحقیق کے ساتھ ساتھ ہم سمندر کی تہہ میں چھپی دھاتوں، معدنیات اور طبی وسائل کی تلاش اور یہ جاننے پر بھی کام کر رہے ہیں کہ انہیں انسانیت کے فائدے کے لیے کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔‘
‘ انہوں نے کہا کہ سائنسی تحقیق کے ساتھ سمندری وسائل کو انسانیت کے فائدے کے لیے استعمال کرنے کے امکانات بھی تلاش کیے جا رہے ہیں۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ سمندر کے پانی اور ساحلوں کو صحت مند رکھنے کے لیے عوام میں زیادہ بیداری اور ان کی فعال شرکت ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے آغاز سے اب تک مختلف ریاستوں کے وزراء، وزرائے اعلیٰ، گورنروں اور فلمی و دیگر شعبوں کی معروف شخصیات نے اس میں حصہ لیا ہے۔ جوہو بیچ پر بھی کئی معروف شخصیات اور کرکٹرز نے صفائی مہم میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا، ’’جب سے یہ مہم پانچ سال پہلے شروع ہوئی ہے، مختلف ریاستوں کے وزراء، وزرائے اعلیٰ، گورنروں اور معروف شخصیات نے اس میں حصہ لیا ہے۔
آج بھی آپ نے دیکھا کہ کئی مشہور شخصیات اور کرکٹرز ہمارے ساتھ شامل ہوئے۔ اس طرح یہ مہم ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر گئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کل ہفتہ ہے اور عالمی یومِ ساحلی صفائی ہے۔ اسی مناسبت سے ہم آج عالمی یومِ ساحلی صفائی سے ایک دن پہلے یہاں جوہو بیچ پر جمع ہوئے ہیں۔