نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کے روز کہا کہ 2047 تک وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے سفر میں بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کا کردار مسلسل اہم ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ہندوستانیوں کا علم، تجربہ، کاروباری صلاحیت، تکنیکی مہارت اور عالمی رابطے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جے شنکر نئی دہلی میں 19ویں پرواسی بھارتیہ دیوس 2027 کی ویب سائٹ کے اجرا کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پیدا ہونے والے نئے مواقع بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کو ملک کے ساتھ تعاون کرنے، اپنے تعلقات دوبارہ مضبوط بنانے اور ملکی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی ترغیب دیں گے۔
انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے پیش کردہ 2047 تک وکست بھارت کے خواب کی جانب ہندوستان کے آگے بڑھنے کے ساتھ ہی بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کا کردار مزید اہم ہو جائے گا۔ ان کا علم، تجربہ، کاروباری جذبہ، تکنیکی صلاحیتیں اور عالمی رابطے ہندوستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اسی طرح ملک کے اندر ہماری ترقی، بڑھتے ہوئے مواقع اور سامنے آنے والے نئے امکانات ہمیں یقین دلاتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی ہمارے ساتھ تعاون کرنے، اپنے تعلقات دوبارہ استوار کرنے اور ملک کی ترقی میں پہلے سے زیادہ حصہ لینے کے لیے آگے آئیں گے۔‘
‘ آئندہ پرواسی بھارتیہ دیوس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جے شنکر نے کہا، ’’19واں پرواسی بھارتیہ دیوس نہ صرف ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت کا جشن منانے کا موقع ہوگا بلکہ مستقبل کے لیے اپنی شراکت داری کو نئی بنیادوں پر مضبوط کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ بنے گا۔‘‘ اس تقریب میں مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری بھی موجود تھے۔ نئی ویب سائٹ کے بارے میں جے شنکر نے کہا کہ 19ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کی ویب سائٹ کو شرکا کے لیے تمام ضروری معلومات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس عوامی سفارت کاری کے پلیٹ فارم کے ذریعے پرواسی بھارتیہ دیوس کے خصوصی ’بھارت کو جانیے‘ کوئز کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، ’’آج ہم اس اے آئی سے لیس عوامی سفارت کاری کے پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے انتہائی منتظر پرواسی بھارتیہ دیوس کے خصوصی ’بھارت کو جانیے‘ کوئز کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئز ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک جاری رہے گا اور اس کے فاتحین کو ہندوستان کے 10 روزہ دورے پر مدعو کیا جائے گا۔
جے شنکر نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم پر صرف خصوصی کوئز ہی نہیں ہوگا بلکہ سال بھر مختلف سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔ ان میں کھیل، خصوصی مواقع پر کوئز مقابلے، کراس ورڈ اور پہیلیاں شامل ہوں گی۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس پلیٹ فارم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ویب سائٹ پر تقریب میں شرکت کرنے والوں کے لیے عملی اور ضروری معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس میں پروگرام کی تفصیلات، انتظامات، اہم ہدایات اور کولکاتا و اس کے آس پاس کے سیاحتی مقامات اور قابل دید جگہوں کے بارے میں معلومات شامل ہوں گی۔ 19واں پرواسی بھارتیہ دیوس 7 سے 9 جنوری 2027 تک مغربی بنگال حکومت کے تعاون سے کولکاتا میں منعقد ہوگا۔ یہ دن 9 جنوری 1915 کو مہاتما گاندھی کی جنوبی افریقہ سے ہندوستان واپسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔