واسکو: ہندوستانی بحریہ نے ملک کی پوری ساحلی پٹی اور خصوصی اقتصادی خطے (ای ای زیڈ) میں 11 سے 19 نومبر تک ملک گیر ساحلی دفاعی مشق ’سی وِجل-26‘ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔ اس مشق کا مقصد ساحلی سلامتی کے انتظامات کی تیاریوں کا جائزہ لینا، موجودہ دفاعی نظام کی خامیوں کی نشاندہی کرنا اور سمندری سلامتی سے وابستہ مختلف اداروں کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کی قیادت میں ہونے والی یہ دو سالہ مشق 2 مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں ساحلی دفاع اور سلامتی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جو 11 سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔
اس کے بعد 18 اور 19 نومبر کو سمندری مرحلے کی مشق ہوگی۔ اس مشق کے بارے میں اے این آئی سے بات کرتے ہوئے گوا نیول ایریا کے قائم مقام چیف اسٹاف آفیسر کیپٹن جیمس جان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مختلف اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل آڈٹ ٹیمیں ساحلی دفاع کی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ان ٹیموں میں بحریہ، فضائیہ، کوسٹ گارڈ، ماہی گیری اور کسٹمز کے اہلکار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’سی وِجل‘ مشق کا پانچواں ایڈیشن شروع ہو چکا ہے اور اس کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔ یہ ملک گیر بحری مشق ہے، جس کے پہلے مرحلے میں ساحلی دفاع اور سلامتی کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کیپٹن جیمس جان کے مطابق، 2 آڈٹ ٹیمیں شمالی اور جنوبی گوا کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی۔ اس دوران وہ ساحلی سلامتی سے متعلق مختلف مراکز کا معائنہ کریں گی، جن میں جہازوں اور کشتیوں کی آمد و رفت کے مقامات (وی ایس وی پیز)، ساحلی پولیس اسٹیشن، مچھلی اتارنے کے مراکز اور ماہی گیری کی بندرگاہیں شامل ہیں۔ ان مقامات پر حفاظتی انتظامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جائزے سے کارروائیوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات، دستیاب وسائل اور آلات کی کمی اور ساحلی دفاعی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی ہوگی، جنہیں بعد میں مشق کے دوران دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مشق کے دوسرے مرحلے میں ایک عملی جنگی مشق ہوگی، جس میں ریڈ فورس اور بلیو فورس حصہ لیں گی۔ ریڈ فورس دشمن طاقت کی نمائندگی کرے گی، جو ساحلی سلامتی کے نظام میں نقب لگانے کی کوشش کرے گی، جبکہ بلیو فورس میں ریاست کے مختلف سمندری سلامتی اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے، جو مل کر ساحل کا دفاع کریں گے۔ اس مرحلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیپٹن جیمس جان نے کہا کہ مشق کے دوران ایسے فرضی حالات پیدا کیے جائیں گے جن میں کسی جہاز پر زبردستی قبضہ کرنے اور دہشت گردوں کو ساحل پر اتارنے جیسے واقعات شامل ہوں گے۔ اس کے بعد بلیو فورس اور دیگر سلامتی ادارے دراندازوں کا پتہ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کی کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ فورس دشمن کی نمائندگی کرے گی، جبکہ بلیو فورس میں ریاست کے تمام سمندری سلامتی سے وابستہ ادارے شامل ہوں گے۔ یہ تمام ادارے مل کر ساحل کا دفاع کریں گے اور دشمن کی جانب سے حملے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ مشق کے دوران جہازوں پر قبضے اور دہشت گردوں کو ساحل پر اتارنے جیسے فرضی واقعات پیش کیے جائیں گے۔ بلیو فورس کی کوشش ہوگی کہ مسلسل نگرانی کے ذریعے دراندازوں کو پکڑا جائے اور گرفتار کیا جائے۔ اس مشق میں تمام ساحلی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے حصہ لے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ماہی گیری سے وابستہ افراد اور ساحلی علاقوں میں رہنے والی برادریوں سمیت سمندری سلامتی سے متعلق تمام اہم فریق بھی اس میں شامل ہوں گے۔ ہندوستانی بحریہ، ہندوستانی کوسٹ گارڈ، ساحلی سلامتی پولیس، کسٹمز اور دیگر سمندری ادارے اپنے وسائل اور آلات کے ساتھ مشق میں حصہ لیں گے۔ اس مشق کے انعقاد میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی راستے، وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس، اور وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے دیگر ادارے بھی تعاون کر رہے ہیں۔ ’
سی وِجل‘ مشق کا تصور 2018 میں پیش کیا گیا تھا۔ 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں (26/11) کے بعد ہندوستان کی سمندری سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی جانچ اور ان کی افادیت کو پرکھنے کے مقصد سے اس مشق کا آغاز کیا گیا تھا۔ ’سی وِجل‘ ہندوستانی بحریہ کی ہر 2 سال بعد ہونے والی بڑی فوجی مشق ’ٹروپیکس‘ (تھیٹر لیول ریڈینس آپریشنل ایکسرسائز) کی تیاری کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ یہ دونوں مشقیں مل کر سمندری سلامتی کے تمام ممکنہ خطرات کا احاطہ کرتی ہیں، جن میں ساحلی دفاع سے لے کر کھلے سمندر میں فوجی کارروائیاں تک شامل ہیں۔ اس قومی سطح کی مشق کا بنیادی مقصد سمندری سلامتی اور ساحلی دفاع کے معاملے میں ہندوستان کی تیاریوں کا جامع جائزہ لینا اور ملک کی بحری و قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔