پتھورا گڑھ: ہندوستان اور منگولیا کی مشترکہ فوجی مشق ’نومیدک ایلیفینٹ 2026‘ کا 18واں ایڈیشن 21 ستمبر سے 3 اکتوبر 2026 تک پتھورا گڑھ میں واقع فارن ٹریننگ نوڈ میں جاری ہے۔ اس مشق میں ہندوستانی فوج اور منگولیا کی مسلح افواج کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ مشترکہ تربیت کا مقصد دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون، جنگی مہارت اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔ مشق کے دوران ہتھیاروں کی تربیت، مختلف جنگی مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس سے دونوں ملکوں کے فوجی اہلکاروں کو ایک ساتھ تربیت حاصل کرنے اور ایک دوسرے کے آپریشنل طریقہ کار سے واقف ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
مشق کے ایک حصے کے طور پر منگولیا کی مسلح افواج کے اہلکاروں کو چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال اور فائرنگ کی تربیت دی گئی۔ اس تربیت میں ہتھیاروں سے واقفیت، حفاظتی اقدامات، ہتھیار لوڈ اور اَن لوڈ کرنے کے طریقے، نشانہ لگانے کی تکنیک اور فائرنگ کی عملی مشق شامل تھی۔ ہندوستانی فوج کے دستے نے روم انٹروینشن ڈرلز کا مظاہرہ بھی کیا، جس میں عمارتوں اور گنجان علاقوں میں فوجی کارروائی کے طریقہ کار کو دکھایا گیا۔ اس مشق میں کمرے میں منظم طریقے سے داخل ہونا، کمرے کو محفوظ بنانا، فوجیوں کی مربوط نقل و حرکت، باہمی رابطہ، فائر ڈسپلن اور زخمی اہلکاروں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کے طریقے شامل تھے۔
مشترکہ تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کے فوجیوں کو جنگی کارروائیوں کے دوران اختیار کیے جانے والے عملی طریقوں کا تبادلہ کرنے اور ایک دوسرے کی افواج کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔ اس سے دونوں دستوں کے درمیان تال میل اور باہمی تعاون کی صلاحیت بھی مضبوط ہوئی۔ مشق میں فوجی تربیت کے ساتھ ثقافتی رنگ بھی شامل کیا گیا۔ منگولیا کی مسلح افواج کے اہلکاروں نے اپنی جنگی روایات کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگولین کلاسیکل ریسلنگ، جسے ’بوخ‘ کہا جاتا ہے، اور غیر مسلح جنگی تکنیکوں کا مظاہرہ کیا۔ ان مظاہروں میں روایتی کشتی کے داؤ پیچ، قابو میں رکھتے ہوئے کشتی اور قریبی فاصلے پر مقابلے کی مختلف حرکات پیش کی گئیں۔
ان کے ذریعے طاقت، پھرتی، نظم و ضبط اور میدانِ جنگ میں مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس مظاہرے سے ہندوستانی فوج کے اہلکاروں کو منگولیا کے جنگی اور ثقافتی ورثے کو سمجھنے کا بھی موقع ملا۔ فوجی تربیت کے ساتھ مارشل آرٹس کے ان مظاہروں نے دونوں ممالک کے فوجیوں کو رسمی جنگی مشقوں سے ہٹ کر ایک دوسرے سے تبادلہ خیال اور سیکھنے کا موقع فراہم کیا، جس سے باہمی اعتماد اور دوستانہ تعلقات کو فروغ ملا۔ ’نومیدک ایلیفینٹ 2026‘ کے تحت جاری سرگرمیوں کا مقصد مشترکہ تربیت اور عملی مشقوں کے ذریعے ہندوستانی فوج اور منگولیا کی مسلح افواج کے درمیان جنگی سطح پر باہمی تعاون، پیشہ ورانہ سمجھ بوجھ اور تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔