وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان سعودی عرب میں شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر مسلسل حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ان میں 21 اکتوبر کو دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مشرقی صوبے میں واقع سعودی آرامکو کے شیبہ تیل کے میدان پر کیے گئے حملے بھی شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں افسوس ناک طور پر شہریوں کی جانیں گئی ہیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ دمام ہوائی اڈے پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ شیبہ تیل کے میدان پر حملے میں بھی ایک ہندوستانی شہری زخمی ہوا ہے۔ وزارت نے جاں بحق شہری کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔وزارت خارجہ کے مطابق ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ سعودی حکام کے رابطے میں ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ ہندوستان نے سعودی عرب کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملے قطعی ناقابل قبول ہیں اور انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ ہندوستان سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور امید کرتا ہے کہ خطے میں جلد از جلد امن اور معمول کے حالات بحال ہوں گے۔اس سے قبل سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے نے اطلاع دی تھی کہ بدھ کی رات دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں ایک ہندوستانی شہری جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوئے۔ سفارت خانہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے اور متاثرہ خاندانوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سفارت خانے نے کہا کہ سعودی حکام نے اسے مطلع کیا ہے کہ دمام ہوائی اڈے پر گزشتہ رات ہونے والے حملے میں جاں بحق ہونے والے دو افراد میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل تھا جبکہ دو ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ سفارت خانے نے کہا کہ وہ مزید تفصیلات کی تصدیق کر رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے۔ بیان میں جاں بحق شہری کے اہل خانہ اور عزیزوں سے تعزیت کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔
دریں اثنا سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے بتایا کہ بدھ کو شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے حملے میں دو افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک ہندوستانی باشندہ اور ایک سعودی شہری شامل ہیں۔ ادارے کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد زخمی ہوئے۔جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایکس پر اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ 21 اکتوبر 2026 کو دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے سے متعلق ابتدائی بیان کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ہندوستانی باشندہ شامل ہیں۔
بیان کے مطابق زخمی ہونے والے آٹھ افراد میں ایک سعودی شہری اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سات باشندے شامل ہیں۔ ان میں دو ہندوستانی دو یمنی دو بنگلہ دیشی اور ایک نیپالی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت معمولی سے تشویش ناک تک بتائی گئی ہے اور انہیں مختلف اسپتالوں میں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ہوائی اڈے کی تنصیبات کی سلامتی کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے اور سعودی عرب کے شہری ہوابازی کے نظام کی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق ہوائی اڈے پر سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں اور فضائی آمد و رفت معمول پر آ گئی ہے۔