نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں کھیلوں کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں کے نوجوانوں نے آئس ہاکی، سرمائی کھیلوں اور کوہ پیمائی جیسے شعبوں میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ لداخ میں تقریباً 3350 کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور انہیں عوام کے نام وقف کرنے کے بعد ایک آن لائن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لداخ میں کھیلوں کے میدان میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ یہاں کے نوجوانوں نے آئس ہاکی، سرمائی کھیلوں اور کوہ پیمائی میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔
مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لداخ میں نئی کھیل پالیسی کے ذریعے کھیلوں کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو بہتر تربیت اور ضروری سہولتیں ملیں، تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ تعلیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے موضوع پر وزیر اعظم نے کہا کہ لداخ کی نوجوان نسل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم حاصل ہو، نئی ٹیکنالوجی سیکھنے کے مواقع ملیں اور انہیں ان سہولتوں کے لیے دوسرے شہروں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
اسی مقصد سے لیہہ میں ایک بڑا مرکزِ امتیاز قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی آئی ٹی جموں اور آئی آئی ایم جموں کے ذیلی مراکز قائم کرنے کی تجاویز پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان اقدامات سے لداخ کے نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور نئی مہارتیں سیکھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نِمّو، پدم اور درچا سڑک کا بھی حوالہ دیا، جسے افتتاح کے بعد عوام کے نام وقف کیا گیا ہے۔ مودی نے کہا، ’’آج نِمّو، پدم اور درچا سڑک لداخ کے لوگوں کے نام وقف کر دی گئی ہے۔
اس منصوبے پر تقریباً 2500 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ جس سفر کو مکمل کرنے میں پہلے تقریباً 12 گھنٹے لگتے تھے، اب وہ تقریباً تین گھنٹے میں پورا کیا جا سکے گا۔ اس سے نہ صرف سفر کے وقت کی بچت ہوگی، بلکہ اس سڑک کے ذریعے تجارت اور کاروبار کو بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔‘‘ توانائی اور ہوابازی کے شعبوں میں ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سانک ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے اور اس سے متعلق بجلی کی ترسیلی لائن کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔
لیہہ میں کشوک باکولا رنپوچے ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل کی عمارت کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ تقریباً 650 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ٹرمینل سے ہوائی اڈے کی سالانہ مسافر گنجائش 10 لاکھ سے بڑھ کر تقریباً 35 لاکھ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ یہاں پروازوں کی تعداد بھی تین گنا تک بڑھائی جا سکے گی۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ یہ ہندوستان کا پہلا ہوائی اڈہ ٹرمینل ہے جہاں زمین کی حرارت سے گرم رکھنے کا نظام نصب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ لداخ میں جدید بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے اور اس کے ساتھ ہی علاقے کے ماحول کے تحفظ کا بھی پوری طرح خیال رکھا جائے۔