نئی دہلی: انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی کے محققین نے حیاتیاتی اور ماحولیاتی نظام کے مطالعے کے لیے موسمیاتی معلومات کا ایک اعلیٰ معیار کا ڈیٹا سیٹ تیار کیا ہے۔ اس میں درجہ حرارت اور بارش سے متعلق اعداد و شمار کو ایسے موسمیاتی پیمانوں میں تبدیل کیا گیا ہے جو جانداروں اور قدرتی نظاموں پر ماحول کے اثرات کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ محققین کے مطابق، حیاتیاتی موسمیاتی متغیرات (بایو کلائمیٹک ویری ایبلز) درجہ حرارت اور بارش کے ریکارڈ کو ایسے پیمانوں میں ڈھالتے ہیں جو ماحولیاتی نظام کے مطالعے کے لیے اہم ہوتے ہیں
ان میں سالانہ اوسط درجہ حرارت اور سب سے زیادہ و سب سے کم بارش والے موسموں کے دوران ہونے والی بارش جیسے پیمانے شامل ہیں۔ اب تک ہندوستان کے مختلف علاقوں میں موسمیاتی اور ماحولیاتی تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کو ناسا کے ’میرا کلائم‘ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ’ورلڈ کلائم‘ جیسے عالمی ڈیٹا سیٹ پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ محققین کا کہنا ہے کہ ان ذرائع میں اتنی باریک تفصیلات موجود نہیں ہیں کہ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں آب و ہوا اور زمینی ساخت کے نمایاں فرق کی درست عکاسی کرسکیں۔ ’آئی پی ای ڈی کلائم‘ (IPEDClim) کے نام سے تیار کیا گیا ہندوستان کا یہ حیاتیاتی موسمیاتی اٹلس تحقیقی جریدے ’انوائرنمنٹل ریسرچ: کلائمٹ‘ میں شائع ہوا ہے۔
یہ پورے ملک کا احاطہ کرتا ہے اور تقریباً 10 کلومیٹر کی ریزولیوشن پر موسمیاتی معلومات فراہم کرتا ہے، جس سے ہندوستان کے متنوع موسمی حالات کی زیادہ تفصیلی تصویر سامنے آتی ہے۔ آئی آئی ٹی دہلی کے شعبہ سول اینڈ انوائرنمنٹل انجینئرنگ سے وابستہ اس تحقیق کے سربراہ محقق منابندر ساہریا نے پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں یہ ہندوستان کا اب تک کا سب سے زیادہ ریزولیوشن والا ڈیٹا سیٹ ہے۔ انہیں امید ہے کہ محققین اور متعلقہ ادارے بڑے پیمانے پر اس سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تحقیق میں استعمال کیا گیا درجہ حرارت کا ڈیٹا ہندوستان کے محکمہ موسمیات کا سرکاری ڈیٹا ہے، جسے وہ کئی برسوں سے جاری کرتا آرہا ہے۔ تاہم، یہ ڈیٹا خاص طور پر ماحولیاتی مطالعات کی ضروریات کے مطابق تیار نہیں کیا گیا تھا۔ دوسری طرف بارش سے متعلق ڈیٹا سیٹ محققین نے خود گزشتہ سال تیار کیا تھا۔ ساہریا کے مطابق، بارش کا یہ ڈیٹا سیٹ وزارت برائے ارضیاتی علوم نے جولائی 2025 میں جاری کیا تھا۔ نئی تحقیق اسی کام کو آگے بڑھاتے ہوئے ماحولیات اور پانی سے متعلق مطالعات کے لیے حیاتیاتی موسمیاتی پیمانے تیار کرنے پر مرکوز ہے۔
محققین نے بتایا کہ اس منصوبے کی مالی اعانت وزارت جل شکتی کے تحت نیشنل مشن فار کلین گنگا (این ایم سی جی) نے کی ہے۔ اس ڈیٹا سیٹ سے ملک بھر میں ماحولیات، زراعت اور قدرتی وسائل سے متعلق تحقیقات کو مدد ملے گی۔ بنگلورو میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے مرکز برائے ماحولیاتی علوم سے وابستہ ماہر ماحولیات رامن سکومار نے کہا کہ حیاتیاتی موسمیاتی معلومات ماہرین کو ان ماحولیاتی عوامل کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں جو بڑے پیمانے پر قدرتی نظاموں کے مختلف عمل کو متاثر کرتے ہیں۔
ان کے مطابق، ان عوامل میں قدرتی ماحولیاتی نظاموں میں حیاتیاتی پیداوار، جنگلات اور گھاس کے میدانوں میں کاربن کے ذخیرے میں تبدیلی، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات اور پودوں کے موسمی مراحل، مثلاً نئی کونپلیں نکلنے، پھول آنے اور پھل لگنے کے اوقات میں تبدیلی شامل ہیں۔ سکومار نے کہا کہ اس تحقیق میں فراہم کردہ تقریباً 10 کلومیٹر کی ریزولیوشن پر کئی دہائیوں کے موسمیاتی اعداد و شمار کی مدد سے ہندوستان کے مختلف حیاتیاتی جغرافیائی خطوں اور قدرتی ماحولیاتی علاقوں میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھا جاسکتا ہے۔
مثال کے طور پر یہ مطالعہ کیا جاسکتا ہے کہ ایل نینو کے شدید سال میں قدرتی نظام کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور عام یا لا نینا کے سالوں میں ان کا رویہ کس طرح مختلف ہوتا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ اس ڈیٹا بیس کو مزید باریک پیمانے پر استعمال کرنے سے پہلے زمینی سطح پر درجہ حرارت، بارش اور دیگر موسمیاتی عوامل کی پیمائش سے اس کی تصدیق ضروری ہوگی۔ جنگلات کی نگرانی کے لیے تقریباً ایک کلومیٹر کی ریزولیوشن پر اس کے استعمال کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
انہوں نے تمل ناڈو کے مدوملائی نیشنل پارک کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیم وہاں ایک ہیکٹر سے لے کر کئی ہیکٹر تک پھیلے مستقل جنگلاتی تحقیقی پلاٹوں کی 3 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے نگرانی کر رہی ہے۔ اس طرح کے زمینی مشاہدات سے حیاتیاتی موسمیاتی اعداد و شمار کی افادیت اور درستگی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔