بھوپال: مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ہفتہ کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے آئندہ ضمنی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس سے پہلے پوری نے بھوپال میں کرونادھام آشرم کا دورہ کیا۔ بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے بدھ کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے آئندہ ضمنی انتخاب کے لیے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو پارٹی کا امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا۔
دین دیال اپادھیائے مارگ پر واقع بی جے پی کے مرکزی دفتر سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، مرکزی انتخابی کمیٹی نے ریاست کی نمائندگی کرنے والی ایوان بالا کی اس نشست کے لیے پوری کی امیدواری کو منظوری دی ہے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا، ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا کے آئندہ ضمنی انتخاب 2026 کے لیے ہردیپ سنگھ پوری کے نام کو منظوری دے دی ہے۔‘‘ یہ اعلان مدھیہ پردیش کی راجیہ سبھا کی واحد خالی نشست پر انتخاب کی تیاریوں کے دوران کیا گیا ہے۔ یہ نشست سابق مرکزی وزیر ایل مروگن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس سے پہلے 22 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مروگن کے استعفے کے بعد مدھیہ پردیش کی راجیہ سبھا نشست کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق، 14 اکتوبر 2026 کو مروگن کے استعفے کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ ایوان بالا میں ان کی مدت کار 2 اپریل 2030 کو ختم ہونے والی تھی۔ سرکاری شیڈول کے مطابق، ضمنی انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن 26 اکتوبر 2026 کو جاری کیا جائے گا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 2 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ 3 نومبر کو کاغذات کی جانچ ہوگی۔ امیدوار 5 نومبر 2026 تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ ووٹنگ 12 نومبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔
اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، انتخاب کا پورا عمل 16 نومبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ ہردیپ سنگھ پوری ایک تجربہ کار سفارت کار سے سیاست داں بننے والے رہنما ہیں اور اس وقت مرکزی حکومت میں کابینہ وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔