وڈودرا: گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے آسام کے ایک 22 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر دہشت گردانہ حملے کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ گجرات کے ایک اہم دفاعی ٹھکانے، بشمول وڈودرا کے فضائیہ اسٹیشن، کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور اس دوران ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے پاکستان میں موجود ایک ہینڈلر سے رابطے میں تھا۔ گرفتار نوجوان کی شناخت محمد سحرال اسلام کبیرالدین کے طور پر ہوئی ہے۔ اے ٹی ایس کے مطابق، وہ اے کے 47 سے مشابہ خودکار رائفل کے ذریعے حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
اس کے قبضے سے ایک خودکار رائفل، 23 زندہ کارتوس، 2 خالی میگزین، جیش محمد کا ایک پرچم، سم کارڈ سمیت 2 موبائل فون اور تقریباً 20 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے ہیں۔ گجرات اے ٹی ایس کے مطابق، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرش اپادھیائے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گجرات سے باہر کا ایک شخص، جس کے جیش محمد سے وابستہ ہونے کا شبہ ہے، ریاست میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس کا رابطہ تنظیم کے ایک ہینڈلر سے ہے۔ مزید خفیہ اطلاعات سے معلوم ہوا کہ مشتبہ شخص ایک خودکار رائفل کے ذریعے کسی اہم دفاعی تنصیب کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔
یہ بھی اطلاع ملی کہ وہ سازش کو عملی جامہ پہنانے کی تیاری کے لیے اگلے 2 سے 3 دن میں گجرات پہنچ سکتا ہے۔ اعلیٰ افسران کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے سدھارتھ اور کے کے پٹیل کی نگرانی میں ڈی ایس پی ہرش اپادھیائے کی قیادت میں اے ٹی ایس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے تکنیکی نگرانی اور خفیہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی تصدیق کی۔ تفتیش کے دوران اے ٹی ایس نے وڈودرا میں سایا جی گنج ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ہوٹل ملن میں جانچ کی۔ معلوم ہوا کہ ایک مشتبہ شخص صبح تقریباً 9 بجے ہوٹل کے کمرے سے چیک آؤٹ کیے بغیر روانہ ہوگیا تھا۔
ہوٹل سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کی بنیاد پر اس کی شناخت محمد سحرال اسلام کبیرالدین کے طور پر کی گئی۔ بعد کی تکنیکی نگرانی سے پتہ چلا کہ مشتبہ شخص داہود سے وڈودرا کی جانب ایک گاڑی میں سفر کر رہا ہے۔ اس اطلاع پر اے ٹی ایس کی ٹیم نے گولڈن چوکڑی کے قریب ہالول-وڈودرا روڈ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی۔ ہوٹل درشن کے قریب پلڈی بس اسٹینڈ کے پاس ایک مشتبہ شخص کو دیکھ کر ٹیم نے اسے حراست میں لے لیا۔ اے ٹی ایس کے مطابق، ملزم کے موبائل فون کی ابتدائی جانچ میں جیش محمد سے اس کے مبینہ روابط سامنے آئے۔
اس کے واٹس ایپ چیٹس میں ایسی تصاویر بھی ملیں جن میں وڈودرا فضائیہ اسٹیشن کے گیٹ اور دیگر اہم تنصیبات پر سرخ رنگ کے کراس کے نشان لگے ہوئے تھے۔ تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے ان مقامات کو اپنے ممکنہ نشانے کے طور پر شناخت کیا تھا۔ موبائل فون کی مزید ڈیجیٹل جانچ میں وڈودرا فضائیہ اسٹیشن کی ریکی کی ایک ویڈیو، گوگل میپس کے اسکرین شاٹس، مختلف ویب لنکس، آڈیو اور ویڈیو کلپس، واٹس ایپ چینلز اور گروپس کے لنکس کے علاوہ اے کے 47 سے مشابہ خودکار رائفل چلانے کی تربیتی ویڈیوز بھی ملنے کی اطلاع ہے۔
ان شواہد کی بنیاد پر اے ٹی ایس کو شبہ ہے کہ ملزم پاکستان میں موجود مفتی رفیق عرف ابن عبداللہ نامی ایک ہینڈلر کے رابطے میں رہ کر یہ سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ اسے نیا موبائل فون خریدنے اور سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی غرض سے 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے تھے۔
اے ٹی ایس کے مطابق، اس نے یہ بھی بتایا کہ منصوبہ بند حملے کے بعد وہ پاکستان منتقل ہونا، جیش محمد میں شامل ہوکر دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینا اور نام نہاد شہادت حاصل کرنا چاہتا تھا۔ اس معاملے میں گجرات اے ٹی ایس پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 08/2026 درج کی گئی ہے۔ ملزم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) کی دفعات 18، 20، 23(1) اور 38، بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 61، 148 اور 149، نیز آرمز ایکٹ کی دفعہ 25(1-AA) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔