نئی دہلی: حکومت کے ذرائع نے کہا ہے کہ ہندوستان سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں ہر کمپنی کا خیرمقدم کرتا ہے اور آخرکار صارف ہی فیصلہ کرے گا کہ وہ کس کمپنی کی سروس استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا، ’’صارف ہی بادشاہ ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ صارفین قیمت، فائدے اور فراہم کی جانے والی سروس کے معیار کی بنیاد پر اپنے سروس فراہم کنندہ کا انتخاب کریں گے۔
اس وقت ہندوستان میں 3 کمپنیوں کے پاس سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے لائسنس ہیں، جن میں جیو، ون ویب اور اسٹارلنک شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹارلنک نے ان 3 کمپنیوں میں سب سے آخر میں درخواست دی اور اسے بھی سب سے آخر میں لائسنس ملا، تاہم تینوں کمپنیوں کو لائسنس دیا جا چکا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ لائسنس دینے کا پورا عمل ’’مکمل طور پر شفاف‘‘ رہا ہے۔
تمام لائسنس یافتہ کمپنیوں سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور سکیورٹی سے متعلق تقاضے پورے کرنے کو کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ون ویب نے سب سے پہلے تعمیلی دستاویزات جمع کرائی تھیں، اس کے بعد جیو نے اور آخر میں اسٹارلنک نے یہ عمل مکمل کیا۔ خدمات کو بڑے پیمانے پر شروع کرنے سے پہلے ابھی 2 اہم مراحل باقی ہیں۔ ان میں اسپیکٹرم کی تقسیم اور اس کی قیمت سے متعلق فیصلہ، جبکہ دوسرا تینوں کمپنیوں کی جانب سے سکیورٹی سے متعلق تمام تقاضوں کی تکمیل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شرائط پوری ہونے کے بعد پورا سیٹلائٹ کمیونیکیشن نظام اس کا فائدہ اٹھا سکے گا۔