خواتین کے ریزرویشن بل پر حکومت کو 2 تہائی اکثریت کے لیے 40 ووٹوں کی ضرورت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
خواتین کے ریزرویشن بل پر حکومت کو 2 تہائی اکثریت کے لیے 40 ووٹوں کی ضرورت
خواتین کے ریزرویشن بل پر حکومت کو 2 تہائی اکثریت کے لیے 40 ووٹوں کی ضرورت

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مجوزہ خصوصی اجلاس میں حلقہ بندی سے منسلک خواتین کے ریزرویشن بل کو دوبارہ پیش کرنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے سامنے ایک بار پھر اعداد و شمار کا چیلنج کھڑا ہوگیا ہے۔ لوک سبھا میں حکمراں اتحاد کے پاس اندازاً 320 ارکان کی حمایت ہے، لیکن آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کے لیے درکار دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا انحصار دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے)، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے موقف پر ہوسکتا ہے۔

لوک سبھا کی منظور شدہ مجموعی تعداد 543 ہے، لیکن 3 نشستیں خالی ہونے کے باعث اس وقت ایوان میں ارکان کی تعداد 540 ہے۔ اگر تمام 540 ارکان ووٹنگ میں حصہ لیتے ہیں تو آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کے لیے حکومت کو 360 ووٹ درکار ہوں گے۔ اس طرح این ڈی اے کو اپنی موجودہ تعداد سے 40 ووٹ کم پڑ رہے ہیں۔ تاہم، ووٹنگ میں حصہ لینے والے ارکان کی تعداد کم ہونے کی صورت میں دو تہائی اکثریت کے لیے درکار ووٹ بھی کم ہوجائیں گے۔ این ڈی اے کے 320 ارکان میں بی جے پی کے 241 اور اس کے اتحادیوں کے 79 ارکان شامل ہیں۔

اتحادی جماعتوں میں نیشنل سٹیزنس پارٹی آف انڈیا کے 20، تیلگو دیشم پارٹی کے 16، شیو سینا کے 13، جنتا دل (یونائیٹڈ) کے 12، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے 5، راشٹریہ لوک دل کے 2، جنتا سماجوادی پارٹی کے 2 اور جنتا دل (سیکولر) کے 2 ارکان ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شرومنی اکالی دل، آسام گن پریشد، آل جھارکھنڈ اسٹوڈنٹس یونین، اپنا دل (ایس)، ہندوستان عوام مورچہ اور سکم کرانتی کاری مورچہ کا ایک ایک رکن بھی این ڈی اے کے ساتھ ہے۔ حکومت کے لیے 360 ووٹ حاصل کرنے کا ایک ممکنہ راستہ یہ ہوسکتا ہے کہ ڈی ایم کے کے 22، این سی پی (شردچندر پوار) کے 8 اور وائی ایس آر کانگریس کے 4 ارکان بل کی حمایت کردیں۔ اس کے علاوہ آزاد امیدواروں یا چھوٹی جماعتوں کے 6 ارکان کی حمایت مل جائے تو این ڈی اے کی تعداد 360 تک پہنچ سکتی ہے۔

ایک دوسری ممکنہ صورتِ حال میں ڈی ایم کے، این سی پی (شردچندر پوار)، وائی ایس آر کانگریس، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) اور آزاد ارکان کی حمایت سے بھی حکومت مطلوبہ تعداد حاصل کرسکتی ہے۔ اس حساب سے ڈی ایم کے کے 22، این سی پی کے 8، وائی ایس آر کانگریس کے 4، شیو سینا (یو بی ٹی) کے 3 اور 3 آزاد ارکان کے ووٹ ملنے سے این ڈی اے کی تعداد 360 ہوجائے گی۔ ایک اور حساب کے مطابق اگر سماجوادی پارٹی کے 37 ارکان ووٹنگ سے غیر حاضر رہتے ہیں یا ووٹنگ میں حصہ نہیں لیتے تو حکومت کے لیے مطلوبہ اکثریت کا ہدف کم ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں ووٹنگ میں حصہ لینے والے ارکان کی تعداد 540 سے گھٹ کر 503 رہ جائے گی اور دو تہائی اکثریت کے لیے 336 ووٹ درکار ہوں گے۔ این ڈی اے کے 320 ارکان کو اس صورت میں مزید 16 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔

این سی پی (شردچندر پوار) کے 8، وائی ایس آر کانگریس کے 4 اور 4 آزاد ارکان کی حمایت سے حکومت یہ ہدف حاصل کرسکتی ہے۔ اگر سماجوادی پارٹی ووٹنگ سے الگ رہتی ہے اور ڈی ایم کے بل کی حمایت کردیتی ہے تو این ڈی اے کی تعداد بڑھ کر 342 ہوجائے گی، جو مطلوبہ 336 ووٹوں سے 6 زیادہ ہوگی۔ علاقائی جماعتوں کی جانب سے بل کی مخالفت کرنے کے بجائے ووٹنگ سے الگ رہنے کی صورت میں بھی حکومت کے لیے درکار اکثریت کم ہوسکتی ہے۔ اگر ڈی ایم کے کے 22 اور وائی ایس آر کانگریس کے 4 ارکان ووٹنگ میں حصہ نہ لیں تو ووٹ ڈالنے والے ارکان کی تعداد 514 رہ جائے گی۔ اس صورت میں دو تہائی اکثریت کے لیے 343 ووٹ درکار ہوں گے اور این ڈی اے کو مزید 23 ووٹ حاصل کرنے ہوں گے۔ اسی طرح اگر ڈی ایم کے، وائی ایس آر کانگریس اور این سی پی (شردچندر پوار) کے ارکان ووٹنگ سے الگ رہیں تو غیر حاضر یا ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے ارکان کی تعداد 34 ہوجائے گی۔

اس صورت میں 506 ارکان ووٹنگ میں حصہ لیں گے اور حکومت کو 338 ووٹ درکار ہوں گے۔ این ڈی اے اپنی موجودہ تعداد سے 18 ووٹ پیچھے رہ جائے گا۔ اگر عام آدمی پارٹی بھی ان جماعتوں کے ساتھ ووٹنگ سے الگ رہتی ہے تو ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے ارکان کی تعداد 37 ہوجائے گی۔ اس صورت میں 503 ارکان ووٹ ڈالیں گے اور دو تہائی اکثریت کا ہدف 336 رہ جائے گا۔ حکومت کو اس وقت بھی مزید 16 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔ ان تمام ممکنہ حساب کتاب کے باعث پارلیمنٹ کے مجوزہ اجلاس سے پہلے علاقائی جماعتوں کے موقف پر سیاسی حلقوں کی خاص نظر ہے۔ ڈی ایم کے کے لوک سبھا میں 22، این سی پی (شردچندر پوار) کے 8 اور وائی ایس آر کانگریس کے 4 ارکان ہیں۔ ان جماعتوں کی حمایت یا ووٹنگ سے الگ رہنے کا فیصلہ نہ صرف حکومت کے ووٹوں کی تعداد بلکہ بل منظور کرانے کے لیے درکار مجموعی اکثریت پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منوج کمار نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ ڈی ایم کے کے بعض ارکان نے ایک پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد گفتگو میں کچھ شرائط کے ساتھ مجوزہ حلقہ بندی بل کی حمایت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعرات کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد انہوں نے ڈی ایم کے کے چند ارکان سے بل کے بارے میں ان کا موقف پوچھا تھا۔ منوج کمار کے مطابق، ڈی ایم کے کے ان ارکان نے کہا کہ وہ کچھ شرائط کے ساتھ حکومت کی حمایت کرسکتے ہیں، اگرچہ انہیں ان شرائط کی صحیح تفصیل یاد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کے لیے حیران کن تھی، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ ڈی ایم کے کبھی بھی اس بل کی حمایت نہیں کرے گی۔ ان کے بقول، حتمی فیصلہ 30 نومبر تک سامنے آسکتا ہے اور اس بارے میں ڈی ایم کے کے اعلیٰ رہنما ہی آخری موقف طے کریں گے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی یاد دلایا کہ ایوان میں پیش کیے جانے کے وقت ڈی ایم کے ہی وہ پہلی جماعت تھی جس نے حلقہ بندی بل کی مخالفت کی تھی۔ دوسری جانب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذرائع کے مطابق، پارٹی حلقوں کے درمیان علاقائی توازن کو یقینی بنائے جانے کی شرط پر حلقہ بندی بل کی حمایت کرسکتی ہے۔ پارلیمنٹ کے دوبارہ شروع ہونے والے اجلاس سے پہلے سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ کانگریس نے اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ 29 نومبر کو صبح 10 بجے تک نئی دہلی پہنچ جائیں۔

ادھر این سی پی (شردچندر پوار) نے اپنے لوک سبھا ارکان کے لیے تین سطری وہپ جاری کرتے ہوئے انہیں 30 نومبر سے 4 دسمبر تک ایوان میں لازمی طور پر موجود رہنے اور پارٹی کے موقف کی حمایت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 27 نومبر کو جاری کیے گئے ایک حکم نامے میں پارٹی کے چیف وہپ امول کولہے نے کہا کہ 30 نومبر سے 4 دسمبر تک لوک سبھا میں انتہائی اہم سرکاری امور پر کارروائی متوقع ہے، اس لیے تمام ارکان کی موجودگی ضروری ہے۔ انہوں نے ارکان سے کہا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران کسی بھی صورت میں ایوان سے غیر حاضر نہ رہیں اور پارٹی کے موقف کی حمایت کریں۔ حکومت کے سامنے یہ اعداد و شمار کا چیلنج اس وقت آیا ہے جب اس سے پہلے 17 اپریل کو آئینی (131ویں ترمیم) بل لوک سبھا میں منظور نہیں ہوسکا تھا۔

اس وقت ووٹنگ میں حصہ لینے والے 528 ارکان میں سے 298 نے بل کی حمایت اور 230 نے مخالفت کی تھی۔ دو تہائی اکثریت کے لیے حکومت کو 352 ووٹ درکار تھے، لیکن اسے 54 ووٹ کم ملے تھے۔ اپریل میں پیش کیے گئے قانون سازی کے پیکیج میں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھانے اور حلقہ بندی کے نئے عمل کے ذریعے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی تجویز شامل تھی۔ پارلیمنٹ نے 2023 میں خواتین کے ریزرویشن کا قانون منظور کیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد کو قانون نافذ ہونے کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے اعداد و شمار جاری کیے جانے اور اس کے بعد حلقہ بندی کے عمل سے جوڑ دیا گیا تھا۔ اب مجوزہ آئینی ترمیم کے ذریعے خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو حلقہ بندی اور لوک سبھا کی نشستوں میں اضافے سے منسلک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لوک سبھا سکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ 18ویں لوک سبھا کے آٹھویں اجلاس کا دوسرا حصہ 30 نومبر سے شروع ہوگا اور سرکاری امور کی ضرورت کے مطابق 3 دسمبر کو ختم ہوسکتا ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے بھی بتایا ہے کہ حکومت نے لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ ضروری سرکاری امور نمٹانے کے لیے ایوانِ زیریں کا اجلاس 30 نومبر اور ایوانِ بالا کا اجلاس 2 دسمبر سے دوبارہ شروع کیا جائے۔ حکومت نے ابھی تک واضح نہیں کیا ہے کہ ان اجلاسوں میں کون سے بل پیش کیے جائیں گے، لیکن پارلیمنٹ کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے اعلان کے بعد حلقہ بندی بل اور خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ پر سیاسی بحث تیز ہوگئی ہے۔