نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے جمعہ کو کہا کہ حکومت ہندوستانی شہریوں کے مسائل اور خدشات دور کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے عمرہ زائرین بحفاظت ہندوستان واپس آگئے ہیں، جبکہ دیگر زائرین کی واپسی کے لیے بھی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس سے پہلے 10,000 سے زیادہ دیگر عمرہ زائرین بھی ہندوستان واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’حکومت ہندوستانی شہریوں کے مسائل اور خدشات دور کرنے کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتی ہے۔ پھنسے ہوئے عمرہ زائرین بحفاظت ہندوستان واپس آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ 10,000 سے زیادہ عام عمرہ زائرین بھی پہلے واپس آچکے ہیں۔ باقی زائرین کی مدد کی جا رہی ہے۔‘
‘ مرکزی وزیر نے زائرین کی مدد کے لیے ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے کے 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز کے رابطہ نمبر بھی جاری کیے۔ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے سے +966-554412016 اور +966-542126784 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ سعودی عرب کے اندر سے ٹول فری نمبر 8002471234 پر بھی کال کی جاسکتی ہے، جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے +966-536216082 پر پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے سے +966-12-2614093 اور +966-556122301 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ واٹس ایپ کے لیے +966-536209704 نمبر جاری کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ ہندوستانی سفارتی مشنوں، فضائی کمپنیوں اور ٹور آپریٹروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کے نتیجے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب میں پھنسے ہوئے تقریباً 3,000 ہندوستانی عمرہ زائرین وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ ان زائرین کے علاوہ اسی مدت کے دوران معمول کے شیڈول کے مطابق سفر کرنے والے 10,000 سے زیادہ عمرہ زائرین بھی دستیاب پروازوں کے ذریعے ہندوستان واپس آئے ہیں۔
حکام باقی زائرین کی جلد از جلد واپسی کے انتظامات کرنے میں مصروف ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر بتایا کہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’ریاض میں ہمارا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ متعلقہ فضائی کمپنیوں اور ٹور آپریٹروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، تاکہ متاثرہ زائرین کی جلد واپسی ممکن بنائی جاسکے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً 3,000 پھنسے ہوئے عمرہ زائرین دستیاب پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہندوستان واپس آئے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ ان 10,000 سے زیادہ عام عمرہ زائرین کے علاوہ ہیں، جنہوں نے دستیاب پروازوں میں پہلے سے بکنگ کرا رکھی تھی اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہندوستان واپس پہنچے ہیں۔ باقی عمرہ زائرین کی جلد واپسی کے لیے انتظامات پر بات چیت جاری ہے۔‘‘ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں سفارتی مراکز میں چوبیس گھنٹے ہنگامی مدد کے نظام قائم کیے گئے ہیں، جنہیں مقامی ہندوستانی برادری کے رضاکاروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ جیسوال نے کہا، ’’ہمارا سفارت خانہ اور قونصل خانہ مقامی برادری کے رضاکاروں کی مدد سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں
ہندوستانی شہریوں کی مدد کے لیے 24×7 کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں اور وقتاً فوقتاً ضروری ہدایات بھی جاری کی جا رہی ہیں۔‘‘ دریں اثنا، جمعرات کو ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے بتایا کہ سعودی عرب کے شہر دمام میں واقع شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے میں ہلاک ہونے والے 2 افراد میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل تھا، جبکہ 2 دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہوئے۔ سفارت خانے نے یہ اطلاع سعودی حکام کے حوالے سے دی۔ ایکس پر جاری بیان میں سفارت خانے نے کہا، ’’سعودی حکام نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی رات دمام ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں بدقسمتی سے جان گنوانے والے 2 افراد میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل تھا، جبکہ 2 ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
سفارت خانے نے بتایا کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا، ’’ہم مزید تفصیلات معلوم کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔ ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ہیں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے خواہش مند ہیں۔‘‘ یہ واقعہ بدھ، 21 اکتوبر کی شام دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیش آیا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات اور نقصان کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔ سکیورٹی ادارے ہوائی اڈے کے آپریشن اور وہاں کام کرنے والے اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون سے اقدامات کر رہے ہیں۔