نئی دہلی: بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے سابق چیئرمین اے ایس کرن کمار نے پیر کے روز خلائی شعبے میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی انسانی بقا، قومی سلامتی اور تکنیکی ترقی کے لیے ناگزیر بن چکی ہے۔ خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلائی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو حصہ لینا چاہیے، نہ کہ اس شعبے کو چند طاقتور ممالک تک محدود رکھا جائے۔
بھارتی خلائی ایسوسی ایشن (آئی ایس پی اے) کے انڈیا انٹرنیشنل اسپیس کانکلیو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کرن کمار نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زمین پر زندگی کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے خلائی صلاحیت رکھنے والے ممالک اور اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے بھارت اور جاپان کے درمیان خلائی تحقیق میں بڑھتے ہوئے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ قمری قطبی تحقیقاتی مشن (لُوپیکس) کو دونوں ممالک کی مشترکہ کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور جاپان مل کر چندریان مشن سے متعلق اس منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
کرن کمار نے زمین کے نچلے مدار (ایل ای او) میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن اور نیویگیشن ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے امکانات کی بھی نشاندہی کی۔ ان میں ایل ای او پر مبنی پوزیشننگ، نیویگیشن اینڈ ٹائمنگ (پی این ٹی) نظام کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی خلائی اداروں اور متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور مختلف ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے آئی ایس پی اے کی کوششوں کو سراہا۔ ان کے مطابق دو روزہ کانکلیو میں متعدد گول میز کانفرنسیں، مباحثے اور بند کمرے میں اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
خلائی شعبے کی بڑھتی ہوئی تزویراتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کرن کمار نے کہا کہ اب خلائی سرگرمیاں صرف تحقیق اور دریافت تک محدود نہیں رہیں بلکہ قدرتی آفات کی نگرانی سے لے کر قومی سلامتی اور دیگر اسٹریٹجک مقاصد تک ان کا کردار بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلاء اب طاقت کے حصول اور اثرورسوخ کی کشمکش کا میدان بھی بنتا جارہا ہے، اس لیے زمین پر مختلف سرگرمیوں کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کی تیاری اور اس کا استعمال انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ بھارت کے انسانی خلائی پرواز پروگرام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گگن یان مشن کی پہلی پرواز مالی سال 2027 میں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرو نیویگیشن سمیت دیگر سیٹلائٹس کی متعدد لانچنگز کی تیاری بھی کر رہا ہے۔ نجی خلائی کمپنیوں کے کردار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کرن کمار نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں نجی اداروں کی جانب سے بھی متعدد خلائی مشن روانہ کیے جانے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نجی کمپنی اسکائی روٹ جنوری میں اپنے ایک مشن کی لانچنگ کا منصوبہ رکھتی ہے، جبکہ اس کے کچھ عرصے بعد اگنیکُل کی جانب سے بھی لانچنگ متوقع ہے۔