ٹیکس تنازعات کم کرنے پر توجہ: نرملا سیتارمن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
ٹیکس تنازعات کم کرنے پر توجہ: نرملا سیتارمن
ٹیکس تنازعات کم کرنے پر توجہ: نرملا سیتارمن

 



بنگلورو: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ٹیکس اصلاحات میں صرف زیر التوا تنازعات کو نمٹانے کے بجائے بنیادی طور پر ٹیکس سے متعلق قانونی تنازعات کو کم کرنے پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ نمائندوں اور پالیسی کے محققین پر زور دیا کہ وہ قابلِ عمل اور اعداد و شمار پر مبنی قانونی متبادل پیش کرکے عوامی بحث کو بہتر بنائیں۔

بنگلورو میں آج انٹرنیشنل ٹیکس ریسرچ اینڈ اینالیسس فاؤنڈیشن (آئی ٹی آر اے ایف) کی آٹھویں بین الاقوامی ٹیکس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا، ’’فلسفہ بہت سادہ ہے: رضاکارانہ طور پر ٹیکس کی تعمیل کو آسان بنایا جائے اور نفاذ کی صلاحیت کو ان معاملات کے لیے محفوظ رکھا جائے جہاں واقعی اس کی ضرورت ہو۔ ہمارا مقصد صرف ٹیکس تنازعات کو نمٹانا نہیں بلکہ ان میں کمی لانا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’ووِواد سے وشواس‘ اسکیموں نے ٹیکس دہندگان اور حکومت کو پرانے تنازعات ختم کرنے کا موقع دیا، تاکہ وہ غیر معینہ مدت تک قانونی کارروائی میں نہ الجھے رہیں۔ اسی طرح 2024 میں محکمہ جاتی اپیلوں کے لیے مالی حد بھی بڑھائی گئی۔ اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل کے لیے یہ حد 60 لاکھ روپے، ہائی کورٹ کے لیے 2 کروڑ روپے اور سپریم کورٹ کے لیے 5 کروڑ روپے کردی گئی۔ سیتارمن نے مرکز کی جانب سے براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں میں کی گئی وسیع اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2019 میں کارپوریٹ ٹیکس کی شرح گھٹا کر 22 فیصد کی گئی۔ 2025 میں انفرادی ٹیکس کی شرحوں میں تبدیلی کی گئی، جس کے تحت 12 لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی پر کوئی انکم ٹیکس نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1961 کے انکم ٹیکس ایکٹ کی جگہ سادہ زبان میں تیار کیا گیا مختصر قانون لایا گیا، جسے چھ ماہ میں تیار کیا گیا اور اس دوران مجموعی ٹیکس بوجھ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وزیر خزانہ نے 2025 میں گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو بنیادی طور پر دو اہم شرحوں تک محدود کرنے کو بھی ٹیکس تنازعات میں کمی کی جانب ایک اہم اصلاح قرار دیا۔

ان کے مطابق اس سے مختلف اشیا کی درجہ بندی سے متعلق تنازعات میں کمی آئی ہے۔ بجٹ سے قبل پیش کی جانے والی تجاویز کے حوالے سے سیتارمن نے کہا کہ اداروں کی نمائندگی اکثر ٹیکس شرحوں میں کمی، چھوٹ یا رعایت کے مطالبات تک محدود رہتی ہے۔ انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسی اصلاحات کے لیے ٹھوس اور اثرات کا جائزہ لینے کے بعد تجاویز پیش کریں جو صرف کسی ایک شعبے کے مفاد تک محدود نہ ہوں بلکہ 2047 تک ’وکست بھارت‘ کے سفر میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ایسی تجویز سننا چاہتی ہوں جس میں کہا جائے کہ یہ ایک ایسی شق ہے جو اب ٹیکس نظام کے لیے مفید نہیں رہی اور اسے ختم کیا جانا چاہیے، حالانکہ اس وقت ہمیں اس سے فائدہ مل رہا ہے۔‘‘

سیتارمن نے مزید کہا کہ اگر کسی شق کو ٹیکس کی تعمیل کے حوالے سے غیر ضروری بوجھ قرار دیا جاتا ہے تو یہ بھی بتایا جانا چاہیے کہ اس سے کتنے ٹیکس دہندگان متاثر ہوتے ہیں، ان پر کتنا وقت یا خرچ آتا ہے اور اس کے متبادل کا سرکاری آمدنی پر کیا اثر پڑے گا۔ ان کے مطابق کسی تبدیلی کی تجویز دیتے وقت صرف یہ بتانا کافی نہیں کہ اس سے کس کو فائدہ ہوگا، بلکہ ٹیکس بیس، انتظامیہ اور دیگر ٹیکس دہندگان پر اس کے ممکنہ اثرات بھی واضح کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پیشہ ور ماہرین سے ممکنہ غیر متوقع نتائج کی نشاندہی کرنے کی بھی اپیل کی۔

بین الاقوامی ٹیکس نظام کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے ماریشس، سنگاپور اور قبرص کے ساتھ ٹیکس معاہدوں میں دوبارہ مذاکرات کا حوالہ دیا، جن کا مقصد بھارت کے لیے ذرائع پر مبنی کیپیٹل گین ٹیکس وصولی کے حقوق بحال کرنا تھا۔ انہوں نے جنرل اینٹی ایوائڈنس رولز (جی اے اے آر)، ملٹی لیٹرل انسٹرومنٹ اور ایڈوانس پرائسنگ ایگریمنٹ (اے پی اے) پروگرام میں توسیع کے ساتھ نئے سیف ہاربر ضوابط کا بھی ذکر کیا۔ سیتارمن نے آئی ٹی آر اے ایف پر زور دیا کہ وہ محدود اور خاموش تبصروں سے آگے بڑھ کر برطانیہ کے انسٹی ٹیوٹ فار فسکل اسٹڈیز اور نیدرلینڈز کے آئی بی ایف ڈی جیسے بین الاقوامی اداروں کی طرز پر نمایاں آزاد تحقیق کرے۔ انہوں نے کہا کہ سخت تحقیق اور مختلف پالیسی متبادل کے جائزے سے ہندوستان کے اقتصادی نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔