نئی دہلی: ہندوستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی اور شادیوں کا جاری موسم زیورات کی مانگ میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، تاہم قیمتوں میں نمایاں اضافہ خریداری کی رفتار کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہ بات ورلڈ گولڈ کونسل (ڈبلیو جی سی) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہی ہے۔ کونسل کے مطابق، ’’کم قیمتوں اور شادیوں کے جاری موسم سے زیورات کی مانگ کو سہارا ملنے کی توقع ہے، تاہم قیمتوں میں کسی بڑے اضافے سے خریداری متاثر ہو سکتی ہے۔ سرمایہ کاری کے مقصد سے سونے کی مانگ مستحکم رہنے کی امید ہے۔‘‘
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دھن تیرس اور دیوالی کے اہم تہواروں کے دوران سونے کی مانگ اچھی رہی۔ ملک بھر کے زیورات کے تاجروں نے دکانوں پر گاہکوں کی آمد اور فروخت میں اضافے کی اطلاع دی۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف علاقوں میں سونے کی خریداری کا رجحان دیکھا گیا اور زیورات کے ساتھ سونے کے بسکٹ اور سکوں کی بھی اچھی مانگ رہی۔ تاجروں کے اندازوں کے مطابق تہواروں کے دوران سونے کی خریداری کی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے 15 سے 25 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ خریدے گئے سونے کی مقدار تقریباً گزشتہ سال کے برابر یا معمولی زیادہ رہی۔ زیورات کی فروخت بھی گزشتہ سال کے مقابلے بہتر رہی۔
اس کی ایک وجہ گاہکوں کی تعداد میں اضافہ تھا، تاہم صارفین نے نسبتاً ہلکے زیورات خریدنے کو ترجیح دی۔ رپورٹ کے مطابق خصوصی رعایتوں، نئے ڈیزائن اور ہلکے وزن کے زیورات نے خریداروں کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کئی تاجروں کے یہاں پرانے سونے کے بدلے نئے زیورات خریدنے کا رجحان بھی نمایاں رہا۔ مجموعی فروخت میں اس طرح کے لین دین کا حصہ 40 سے 60 فیصد تک رہا، اگرچہ بعض تاجروں نے سونے کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اس رجحان میں معمولی کمی بھی درج کی۔ اکتوبر اور نومبر کے دوران سونے کی عالمی قیمتوں پر دباؤ رہا۔
اس کی اہم وجوہات میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات، ڈالر کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی فروخت شامل ہیں۔ اکتوبر میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 6.3 فیصد کم ہو کر 3,913 ڈالر فی اونس رہ گئی۔ اس طرح مسلسل دوسرے مہینے قیمتوں میں گراوٹ درج کی گئی۔ 12 نومبر تک قیمت مزید کم ہو کر 3,870 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ دریں اثنا، ہندوستان میں گولڈ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) میں اکتوبر کے دوران مسلسل پانچویں مہینے بھی خالص سرمایہ کاری درج کی گئی۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے باوجود سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار ہے۔ کونسل کے مطابق سرمایہ کار قیمتوں میں گراوٹ کو سونا خریدنے کے موقع کے طور پر استعمال کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ملکی بازار میں بھی بدھ کو سونے کی قیمتوں میں 2.33 فیصد سے زیادہ کمی درج کی گئی۔ 24 قیراط سونے کی قیمت 1,31,095 روپے فی 10 گرام رہی۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران سونے کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 15 فیصد سے زیادہ کمی آ چکی ہے۔