دشمن کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر حملہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں: راج ناتھ سنگھ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
دشمن کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر حملہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں: راج ناتھ سنگھ
دشمن کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر حملہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں: راج ناتھ سنگھ

 



نئی دہلی،: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو مسلح افواج سے کہا کہ وہ اپنی حملہ کرنے اور دفاع کرنے کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائیں، تاکہ دشمن کے خلاف اچانک کارروائی کا عنصر برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندوستانی افواج ایسی صلاحیت پیدا کریں کہ دشمن کو جوابی کارروائی یا سنبھلنے کا موقع دیے بغیر حملہ کیا جا سکے، جبکہ دشمن کی کسی بھی غیر متوقع کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پوری طرح تیار رہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے بدلتے ہوئے انداز اور تیز رفتار تکنیکی ترقی کے پیش نظر فوجی تیاریوں کو مسلسل بہتر بنانا ضروری ہے۔

نئی دہلی میں فضائیہ کے کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے خفیہ معلومات جمع کرنے اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، مختلف دفاعی نظاموں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے اور خطرات کے سامنے آنے سے پہلے ہی ان کی شناخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیر دفاع نے مسلح افواج سے کہا کہ وہ روایتی اور جدید نوعیت کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے حملہ آور اور دفاعی دونوں محاذوں پر اچانک کارروائی کی صلاحیت کو برقرار رکھیں اور اسے مزید بہتر بنائیں۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا، ’’ہماری مسلح افواج کو ایسی صلاحیتیں اور طریقہ کار تیار کرنا ہوگا کہ دشمن کو ردعمل ظاہر کرنے یا سنبھلنے کا موقع نہ ملے۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ دشمن کی کسی غیر متوقع کارروائی سے ہم کبھی حیران نہ ہوں۔ اچانک حملے کی نوعیت روایتی بھی ہو سکتی ہے اور الیکٹرانک بھی۔ خفیہ معلومات جمع کرنے اور نگرانی کے ہمارے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ فوجی تیاریوں کو بھی بہتر بنانا ہوگا، تاکہ ہمارے اہلکار ہر نئے چیلنج کا مؤثر جواب دینے کے لیے چوکس، مستعد اور پوری طرح تیار رہیں۔‘‘

وزیر دفاع نے کہا کہ آج کے تنازعات اب روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں رہے بلکہ بغیر براہ راست رابطے والی جنگ کے نئے محاذ بھی اہم ہوتے جا رہے ہیں، جہاں میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ روس۔یوکرین اور اسرائیل۔حماس تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون اور فضائی دفاعی نظام جدید جنگ کے اہم ترین حصے بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے فضائیہ کے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ خودکش ڈرون، نگرانی اور ڈرون مخالف کارروائیوں جیسے نئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی فضائیہ سے کہا کہ وہ جنگ کے نئے محاذوں، خصوصاً الیکٹرانک، سائبر اور خلائی شعبوں کے لیے مخصوص فوجی حکمت عملی اور نظام تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں بہتر تیاری مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی۔

ان کے مطابق، ’’مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کا انحصار صرف طیاروں کی تعداد پر نہیں ہوگا بلکہ اس کا فیصلہ تکنیکی مہارت، فوری ردعمل کی صلاحیت اور تیاریوں کی درستگی سے بھی ہوگا۔‘‘ انہوں نے کمانڈروں سے کہا کہ ان نئے چیلنجوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں اور انہیں ادارہ جاتی سوچ، منصوبہ بندی اور فوجی کارروائیوں کا بنیادی حصہ بنائیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مسلح افواج اس وقت ایک بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہیں۔ اس عمل میں تنظیمی ڈھانچے، تینوں افواج کے درمیان مشترکہ کارروائی اور انضمام کے نظام اور فوجی حکمت عملی سمیت کئی شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سلامتی کے حالات کے پیش نظر فوجی تیاریوں میں مسلسل تبدیلی اور مستقبل کو سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے اپنی فوجی حکمت عملی اور عملی طریقہ کار پر مؤثر عمل درآمد کی تعریف کی۔ انہوں نے فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، تحمل اور دانش مندانہ فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں کامیابی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور سے حاصل ہونے والے تجربات فضائیہ کے بدلتے ہوئے عملی طریقہ کار میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

خاص طور پر ڈرون اور فضائی دفاعی نظام پر بڑھتی ہوئی توجہ اس کی مثال ہے، جو قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کے مطابق، اس آپریشن سے حاصل ہونے والے سبق مسلح افواج میں جاری بڑی تبدیلیوں کی رفتار اور سمت طے کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے آپریشن سندور کے دوران تینوں افواج کی جانب سے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل اور تعاون کے ساتھ انجام دیے گئے کاموں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مسلح افواج کو باہمی تعاون اور مشترکہ کارروائیوں کے لیے مبارک باد دی اور کہا کہ فوجی منصوبہ بندی اور عملی کارروائیوں میں تینوں افواج کے درمیان اتحاد اور انضمام کو بنیادی اہمیت حاصل رہنی چاہیے۔

راج ناتھ سنگھ نے تیز رفتار تکنیکی ترقی کے مطابق فضائیہ کے اہلکاروں کی مہارت اور صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ فضائیہ کے اہلکاروں کو نئی ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے نوجوان بھرتی ہونے والے اہلکاروں کے تکنیکی علم اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کی مہارت بہتر فیصلے کرنے اور ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اگنی ویروں کے لیے دوسری مدتِ ملازمت (سیکنڈ ٹور آف ڈیوٹی) کے معاملے پر وزیر دفاع نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلح افواج سے موصول ہونے والی تجاویز اور آرا کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پالیسی سازی میں تینوں افواج کی سفارشات کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسری مدتِ ملازمت کا یہ اقدام تینوں افواج کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔