چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر چنئی میں سپریم کورٹ کی ایک بنچ قائم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ چنئی میں سپریم کورٹ کی بنچ قائم کرنا تمل ناڈو کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے۔ ریاست نے پہلی بار 1980 میں یہ مطالبہ اٹھایا تھا۔ آئین کی دفعہ 130 کا حوالہ دیتے ہوئے وجے نے کہا کہ سپریم کورٹ کا اجلاس دہلی یا کسی دوسری جگہ بھی ہو سکتا ہے، جس کا فیصلہ چیف جسٹس آف انڈیا وقتاً فوقتاً صدر جمہوریہ کی منظوری سے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1979 میں چیف جسٹسوں کی کانفرنس میں بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ہندوستان کے مقدمہ بازوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے لازماً نئی دہلی کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چنئی جنوبی ہندوستان کا ایک اہم شہر ہے اور وہاں سپریم کورٹ کی بنچ قائم ہونے سے تمام جنوبی ریاستوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مدراس ہائی کورٹ، چنئی کی بار کونسل میں پیشہ ورانہ صلاحیت رکھنے والے ماہر وکلا کی بڑی تعداد موجود ہے۔ مدراس ہائی کورٹ ہندوستان کی قدیم ترین چارٹرڈ ہائی کورٹس میں سے ایک ہے، جس کا قیام 1862 میں عمل میں آیا تھا۔
وزیر اعلیٰ وجے نے یاد دلایا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کی فل کورٹ نے 7 اگست 2007 کو منعقدہ اجلاس میں اس معاملے پر اپنے سابقہ فیصلوں سے انحراف کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں پائی تھی۔ اس وقت ریاستی حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ سپریم کورٹ کے ججوں کے لیے رہائشی سہولتوں سمیت تمام ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔ وجے نے کہا کہ جب آئین بنایا گیا تھا تو اس کے معماروں کا تصور تھا کہ امیر ہو یا غریب، ہر شہری کو عدالت تک براہ راست رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ لیکن جنوبی ہندوستان میں رہنے والے شہریوں کو جنوبی ریاستوں اور نئی دہلی کے درمیان طویل فاصلے کی وجہ سے اس سہولت سے محروم ہونا پڑتا ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے 13 جولائی 2016 کے ایک حکم کا بھی حوالہ دیا۔ یہ حکم رِٹ پٹیشن (سول) نمبر 36/2016، وی وسنتھ کمار بنام ایچ سی بھاٹیہ اور دیگر کے معاملے میں دیا گیا تھا۔ اس میں سپریم کورٹ کی بنچ قائم کرنے کے سوال کو چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی 5 رکنی آئینی بنچ کے سپرد کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کو ایک بار پھر سپریم کورٹ آف انڈیا کے سامنے اٹھائیں، تاکہ عدالت اپنے سابقہ موقف پر نظرثانی کرے اور چنئی میں سپریم کورٹ کی بنچ قائم کرنے کے حق میں فیصلہ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تمل ناڈو کے دیرینہ مطالبے اور جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کے درمیان چنئی کی اہمیت کو تسلیم کیا جا سکے گا۔