بیٹری اسٹوریج، سیمی کنڈکٹر اور گرین ہائیڈروجن کے منصوبوں میں قرض کی مانگ بڑھنے کا امکان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-10-2026
بیٹری اسٹوریج، سیمی کنڈکٹر اور گرین ہائیڈروجن کے منصوبوں میں قرض کی مانگ بڑھنے کا امکان
بیٹری اسٹوریج، سیمی کنڈکٹر اور گرین ہائیڈروجن کے منصوبوں میں قرض کی مانگ بڑھنے کا امکان

 



نئی دہلی: یونین بینک آف انڈیا کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں اگلے تین سے پانچ برسوں کے دوران قرض اور مالی مدد کی مانگ کا رخ بیٹری اسٹوریج، سیمی کنڈکٹر کی پیکیجنگ، ایسے گرین ہائیڈروجن منصوبوں اور دفاعی سازوسامان فراہم کرنے والی کمپنیوں کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جن کے خریدار پہلے سے طے ہوں۔ ترقی کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری سے بینکوں کے لیے مالی اعانت کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیمی کنڈکٹر اور دفاعی شعبے سرمایہ کاری کے اہم مراکز بن کر ابھر سکتے ہیں۔ ان شعبوں میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کے اشارتی تخمینے بالترتیب تقریباً 5.9 لاکھ کروڑ روپے، 5.27 لاکھ کروڑ روپے اور 5.07 لاکھ کروڑ روپے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، سیمی کنڈکٹر کی جدید پیکیجنگ اور اسمبلنگ، بیٹریوں کی ری سائیکلنگ، لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل ایف پی) اور سوڈیم آئن بیٹریوں کی تیاری کی صلاحیت بڑھانے، توانائی ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے اور دفاعی صنعت کو پرزے فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے قرض اور مالی اعانت کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

رپورٹ میں ایسے ہائیڈروجن منصوبوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے امکانات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن کے لیے پیداوار خریدنے کے معاہدے پہلے سے موجود ہوں۔ اس کے علاوہ، مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافے کے ساتھ ڈیٹا سینٹروں کی مانگ بھی بڑھے گی۔ اس شعبے میں مقامی سطح پر ڈیٹا پراسیسنگ کی سہولت فراہم کرنے والے ایج ڈیٹا سینٹرز اور مشترکہ استعمال کے ڈیٹا سینٹرز کی اہمیت بڑھنے کی توقع ہے۔ تاہم، رپورٹ میں قرض دینے والے اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کے جلد پرانی ہوجانے، آمدنی کے غیر یقینی ہونے، ادائیگیوں میں تاخیر اور سرمایہ کاری کی رقم واپس حاصل کرنے میں طویل عرصہ لگنے جیسے خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

رپورٹ کے مطابق، سیمی کنڈکٹر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی رقم واپس حاصل کرنے میں عموماً پانچ سے آٹھ سال لگ سکتے ہیں، جبکہ خلائی شعبے کے منصوبوں میں یہ مدت سات سے دس سال تک ہوسکتی ہے۔ یہ مدت عام طور پر بینکوں کے قرض کی مقررہ مدت سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کو بھی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ اس شعبے میں گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یو) کے بڑے مجموعوں کو ہر 18 سے 24 ماہ میں اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھرتے ہوئے 12 شعبوں میں سے 10 کے لیے قرض کے ذریعے مالی اعانت حاصل کرنے کے راستوں کی نشاندہی ہوچکی ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت اور خلائی شعبے میں ٹیکنالوجی سے وابستہ خطرات اور سرمایہ کاری کی رقم واپس ملنے میں طویل وقت لگنے کے باعث زیادہ تر انحصار حصص کے ذریعے سرمایہ کاری پر ہے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ بینک سیمی کنڈکٹر، ہائیڈروجن، ڈیٹا سینٹرز اور بیٹری اسٹوریج کے شعبوں کے لیے قرض دینے کی خصوصی صلاحیتیں پیدا کریں۔ اس کے ساتھ ایسے مالیاتی منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں جن کے تحت کام کے مختلف مراحل مکمل ہونے پر رقم جاری کی جائے، واجب الادا رقوم کی بنیاد پر مالی مدد فراہم ہو، مشینری اور آلات لیز پر دیے جائیں اور ماحول دوست منصوبوں کے لیے قرض فراہم کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق، قابل تجدید توانائی، سیمی کنڈکٹر، گرین ہائیڈروجن اور اہم معدنیات کے شعبے منصوبوں کی بنیاد پر مالی اعانت اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہیں۔ دوسری طرف، برقی گاڑیوں اور ڈرون کے شعبوں کو اثاثوں کی خریداری کے لیے قرض اور غیر بینکاری مالیاتی کمپنیوں سے ملنے والی مالی مدد سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ ہندوستان میں قابل تجدید توانائی کی مجموعی صلاحیت 288.6 گیگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 2030 تک 500 گیگاواٹ صلاحیت حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، برقی گاڑیوں اور بیٹری اسٹوریج کی منڈی کا حجم 34 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2030 تک 113 ارب امریکی ڈالر ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیسے جیسے یہ نئے شعبے ترقی کریں گے، مالی اعانت کے مواقع کا رخ ایسے منصوبوں اور سپلائی چین سے وابستہ کمپنیوں کی طرف بڑھتا جائے گا جو تجارتی اعتبار سے قابل عمل ہوں اور جن کے ذریعے مستقل آمدنی حاصل کی جاسکے۔