ہندوستان میں ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
ہندوستان میں ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی
ہندوستان میں ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے جمعہ کے روز تپ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ میں ہندوستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 2015 کے مقابلے ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جو عالمی سطح پر درج کی گئی 35 فیصد کمی سے بھی زیادہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی عالمی ٹی بی رپورٹ 2026 میں یہ اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔ نڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ٹی بی کے علاج کی کامیابی کی شرح بھی 94 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے اس پیش رفت کا سہرا ملک گیر کوششوں، ٹیکنالوجی، عوامی شراکت داری اور مریضوں کی ضروریات کو ترجیح دینے والے طبی نظام کو دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان میں تپ دق کے خلاف جنگ کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی عالمی ٹی بی رپورٹ 2026 میں ہندوستان کی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ 2015 کے بعد سے ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جو عالمی سطح پر ہونے والی 35 فیصد کمی سے زیادہ ہے، جبکہ علاج کی کامیابی کی شرح 94 فیصد ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ٹی بی کے خلاف ہماری جنگ ایک ملک گیر عوامی تحریک بن چکی ہے، جسے ٹیکنالوجی، عوامی شراکت داری اور مریضوں پر مرکوز طبی خدمات سے تقویت مل رہی ہے۔‘‘

ٹی بی مکت بھارت ابھیان کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے بتایا کہ ملک میں 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی ٹی بی کی جانچ کی گئی ہے۔ نڈا نے کہا، ’’ٹی بی مکت بھارت ابھیان کے تحت 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی خصوصی طور پر جانچ کی گئی، سینے کے 11 کروڑ سے زیادہ ایکس رے اور 3 کروڑ سے زیادہ مالیکیولر ٹیسٹ کیے گئے۔ اس دوران ٹی بی کے 48.64 لاکھ مریضوں کی شناخت ہوئی، جن میں تقریباً 15 لاکھ ایسے مریض بھی شامل ہیں جن میں بیماری کی کوئی ظاہری علامت نہیں تھی۔ اس سے ان کا بروقت علاج شروع کرنے میں مدد ملی۔‘

‘ انہوں نے ٹی بی کی تشخیص میں جدید ٹیکنالوجی اور مریضوں کو غذائی مدد فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس تشخیصی نظام، ’نِکشے پوشن یوجنا‘ کے تحت غذائی امداد اور ’نِکشے متروں‘ کی خدمات کے ذریعے ملک میں ٹی بی کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں سے اس عزم کو مزید تقویت ملی ہے کہ ٹی بی کے کسی بھی مریض کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ عوامی شراکت داری اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہندوستان کو ٹی بی سے پاک بنانے کی سمت میں پیش رفت جاری رہے گی۔

عالمی ادارہ صحت کی عالمی ٹی بی رپورٹ 2026 کے مطابق ہندوستان میں 2015 کے بعد سے ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ دنیا بھر میں یہ کمی 35 فیصد رہی ہے۔ ہندوستان میں علاج کی کامیابی کی شرح 94 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

دریں اثنا، عالمی ادارہ صحت نے جمعہ کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ مضبوط سیاسی قیادت، ملکی سطح پر سرمایہ کاری میں اضافے، جدید اور تیز رفتار تشخیصی ٹیسٹوں اور علاج کی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے ٹی بی کے خاتمے کی کوششیں تیز کریں۔ رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں رِفیمپیسن مزاحم اور متعدد ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والی ٹی بی کے مجموعی مریضوں میں سے تقریباً 38 فیصد کا تعلق بھی اسی خطے سے ہے۔ اندازہ ہے کہ اس خطے میں تقریباً 1,40,000 افراد ٹی بی کی ان خطرناک اقسام سے متاثر ہوئے ہیں۔