ادھم پور کی 236 پنچایتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2026
ادھم پور کی 236 پنچایتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
ادھم پور کی 236 پنچایتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

 



ادھم پور: مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کی انتظامیہ نے منشیات کی اسمگلنگ، چوری اور سماج دشمن سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے دیہی علاقوں میں نگرانی کا نظام مضبوط بنانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ضلع کی تمام 236 پنچایتوں میں شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں، جن کے ساتھ ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) سی سی ٹی وی کیمرے بھی منسلک ہوں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اوم پرکاش نے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ضلع میں منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پانا ہے۔ اس کے علاوہ رات کے وقت ہونے والی چوریوں اور دیگر غیر سماجی سرگرمیوں کی روک تھام بھی اس اقدام کے مقاصد میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے پانچ سے چھ بلاکس میں تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی پانچ بلاکس میں کام جاری ہے۔ انتظامیہ کو توقع ہے کہ اگلے ماہ تک پورا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ اوم پرکاش کے مطابق ضلع کی تمام 236 دیہی پنچایتوں میں نصب کیے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی اور ان کی فوٹیج تک بنیادی رسائی پولیس کے پاس ہوگی، جس سے جرائم کی روک تھام اور مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ دریں اثنا، مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و کھاد جے پی نڈا نے رواں ماہ جموں و کشمیر کے ایمز اونتی پورہ کی تعمیر اور اسے فعال بنانے کے کام کا جائزہ لیا۔

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق اجلاس میں وزیر نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، طبی آلات اور فرنیچر کی خریداری، تدریسی و دیگر عملے کی بھرتی اور طبی و تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ ایمز اونتی پورہ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور تمام اہم عمارتیں مکمل ہو چکی ہیں۔ جے پی نڈا نے سی پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشوار گزار زمینی حالات اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود منصوبے پر پیش رفت قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے ایمز اونتی پورہ کو ترجیحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کی رفتار برقرار رکھی جائے اور باقی ماندہ کام مارچ 2027 تک مکمل کیا جائے

وزیر کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے کی عمارتیں، جن میں او پی ڈی رجسٹریشن بلاک، او پی ڈی بلاک، رہائشی عمارتیں اور مخصوص ہاسٹل شامل ہیں، مکمل ہو چکی ہیں۔ ان عمارتوں کے سامان کی جانچ اور باضابطہ حوالگی کا عمل جاری ہے۔ باقی تعلیمی، انتظامی، اسپتال، رہائشی اور ہاسٹل کی عمارتوں کی تعمیر مرحلہ وار جاری ہے۔ جے پی نڈا نے ایمز اونتی پورہ کو جلد فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ ادارے ہائٹس (HITES) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو طبی آلات، او پی ڈی کے آلات، لیبارٹری کے سازوسامان اور طبی و انتظامی فرنیچر کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر کو بتایا گیا کہ 59.41 کروڑ روپے کی لاگت سے 180 طبی آلات کی خریداری کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 140 آلات کے لیے نوٹس آف ایوارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔ وزارت کے مطابق او پی ڈی آلات، لیبارٹری فرنیچر اور طبی و انتظامی فرنیچر کی خریداری کا عمل بھی مختلف مراحل میں ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت دی کہ تشخیصی سہولتوں، طبی آلات، عملے اور دیگر ضروری انتظامات کو خدمات کے آغاز سے پہلے مکمل کیا جائے۔ منصوبے کے تحت ایمز اونتی پورہ میں او پی ڈی خدمات دسمبر 2026 سے پہلے شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ داخل مریضوں کے علاج (آئی پی ڈی) کی خدمات جولائی 2027 میں شروع کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح ایم بی بی ایس کی کلاسیں تعلیمی سیشن 2027-28 میں جون یا جولائی 2027 سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اجلاس میں بھرتیوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جے پی نڈا نے تدریسی عملے اور دیگر ملازمین کی بھرتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ ادارے کو جلد فعال بنانے کے لیے مطلوبہ افرادی قوت دستیاب ہو سکے۔ وزارت نے او پی ڈی اور متعلقہ خدمات شروع کرنے کے لیے ضروری عملے کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ اس میں اسپتال کے معاونین، صفائی ستھرائی کے ملازمین اور سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ جاری کردہ بیان کے مطابق مختلف زمروں میں مجموعی طور پر 652 آسامیوں پر عملے کی تعیناتی کی تجویز ہے، جن میں 150 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

وزیر نے ادارے کی مجموعی تیاریوں، کیمپس کی سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ رابطوں، ویب سائٹ کی تیاری اور دیگر اداروں کے ساتھ عملی تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمز اونتی پورہ، سی پی ڈبلیو ڈی، ہائٹس اور مقامی انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا تاکہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامی مسائل حل کرکے ادارے کو کامیابی سے فعال بنایا جا سکے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ کی بروقت تکمیل اور فعالیت جموں و کشمیر میں معیاری اعلیٰ طبی سہولتوں اور خصوصی علاج معالجے تک عوام کی رسائی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔