راجستھان میں پنچایتی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
راجستھان میں پنچایتی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی شروع
راجستھان میں پنچایتی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی شروع

 



جے پور: راجستھان میں پنچایتی راج عام انتخابات 2026 کے لیے ووٹوں کی گنتی جمعہ کی صبح شروع ہوگئی۔ ریاست میں پنچایتی راج انتخابات چار مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔ چوتھے مرحلے کی ووٹنگ 14 سے 17 نومبر تک ’ایک ریاست، ایک انتخاب‘ کی پہل کے تحت ہوئی تھی۔ آج راجستھان کے 37 اضلاع میں ووٹوں کی گنتی ہورہی ہے۔ تاہم کوٹا، باراں، کرولی اور سری گنگانگر اضلاع کی ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کے نتائج کی گنتی ابھی نہیں کی جارہی، کیونکہ ان اداروں کی مدت 22 دسمبر کو ختم ہوگی۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے اس سلسلے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابقہ منتخب پنچایتی راج ادارے کی مدت ختم ہونے تک نئے منتخب ادارے کا اجلاس نہیں بلایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن 20 نومبر کو ان ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے ارکان کے ووٹوں کی گنتی کرکے نتائج کا اعلان کرسکتا تھا اور 22 دسمبر کو ان کی حلف برداری کرائی جاسکتی تھی، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا نومنتخب ارکان ایک ماہ تک حلف کے لیے انتظار کرنے کو تیار ہوتے؟ کیا یہ تمام لوگ فوری حلف برداری کا مطالبہ کرتے ہوئے مہم شروع نہیں کردیتے؟ اور پھر ایک ماہ تک چلنے والے تربیتی کیمپ کی ذمہ داری کس کی ہوتی؟

انہوں نے کہا کہ اسی لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام پہلوؤں پر غور اور مکمل بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ کوٹا، باراں، کرولی اور سری گنگانگر اضلاع میں ضلع سربراہ کے انتخاب کی تاریخ 22 دسمبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ نائب ضلع سربراہ کا انتخاب 23 دسمبر کو ہوگا۔ پردھان کے عہدے کے لیے انتخاب 24 دسمبر اور نائب پردھان کے لیے 25 دسمبر کو ہوگا۔

جے پور کے ضلع مجسٹریٹ سندیش نائک نے صحافیوں کو بتایا کہ پنچایت انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جمعہ کو صبح 8 بجے شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 57 ضلع پریشد وارڈوں اور 22 پنچایت سمیتیوں کے ارکان کے عہدوں کے لیے ووٹوں کی گنتی ہورہی ہے، جس کے لیے 22 ریٹرننگ افسران اور 5 اضافی ریٹرننگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پریشد میں 98 اور پنچایت سمیتی میں 145 میزیں قائم کی گئی ہیں، یعنی مجموعی طور پر 243 میزوں پر ووٹوں کی گنتی ہورہی ہے۔ ہر میز پر گنتی کے ایجنٹ اور سپروائزر موجود ہیں، جو ووٹوں کی گنتی کے ذمہ دار ہیں۔

امیدواروں کے ایجنٹوں کو بھی ہر میز پر موجود رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انتخابات میں اصل مقابلہ ریاست کی حکمراں جماعت بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے، جبکہ ہنومان بینی وال کی قیادت والی راشٹریہ لوک تانترک پارٹی بھی میدان میں ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے پارٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ’ووٹ رکشک‘ مہم اور پنچایتی راج انتخابات کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔