عالمی رجحان کے برعکس بحرِ جنوبی ہند میں آکسیجن کی مقدار بڑھ رہی ہے: تحقیق

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
عالمی رجحان کے برعکس بحرِ جنوبی ہند میں آکسیجن کی مقدار بڑھ رہی ہے: تحقیق
عالمی رجحان کے برعکس بحرِ جنوبی ہند میں آکسیجن کی مقدار بڑھ رہی ہے: تحقیق

 



پنجی: دنیا کے بیشتر سمندروں میں آکسیجن کی مقدار کم ہونے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، لیکن بحرِ جنوبی ہند کے ہندوستانی حصے میں گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران گھلی ہوئی آکسیجن کی مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گوا کے ایک تحقیقی ادارے کے سائنس دانوں کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ سائنس دانوں نے آکسیجن کی مقدار میں اضافے کی بنیادی وجہ سمندر میں پانی کی بہتر گردش کو قرار دیا ہے۔ اس عمل کے دوران سطحِ سمندر کا پانی گہرائی تک پہنچتا ہے اور وہاں آکسیجن فراہم کرتا ہے۔

گوا میں واقع نیشنل سینٹر فار پولر اینڈ اوشین ریسرچ (این سی پی او آر) کے محققین کی تحقیق کے مطابق، 1993 سے 2025 کے درمیان بحرِ جنوبی ہند کے ہندوستانی حصے میں آکسیجن کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ خاص طور پر قطبی اور انٹارکٹک علاقوں میں دیکھا گیا۔ یہ نتائج دنیا بھر کے سمندروں میں آکسیجن کی مقدار میں کمی کے عمومی رجحان کے بالکل برعکس ہیں۔ سائنس دانوں نے عالمی درجہ حرارت میں اضافے، سمندر میں پانی کی مختلف تہوں کے درمیان استحکام بڑھنے اور پانی کی گردش کمزور پڑنے کو دنیا کے دیگر سمندروں میں آکسیجن کی کمی کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔

این سی پی او آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تھمبن میلوٹ نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’بحرِ جنوبی دنیا کے سمندروں کے اہم پھیپھڑوں کی طرح کام کرتا ہے اور عالمی درجہ حرارت، کاربن، غذائی اجزا اور آکسیجن کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس لیے اس کی آبی گردش اور گہرائی تک آکسیجن پہنچنے کے عمل میں تبدیلی کا اثر دنیا کے سمندروں میں آکسیجن کی مجموعی مقدار پر پڑ سکتا ہے۔

‘‘ ’بحرِ جنوبی ہند کے ہندوستانی حصے میں آکسیجن کی حالیہ فراہمی کے رجحانات اور اس کے عوامل‘ کے عنوان سے یہ تحقیقی مقالہ 30 اکتوبر کو سائنسی جریدے ’انوائرنمنٹل ریسرچ لیٹرز‘ میں شائع ہوا تھا۔ تحقیق میں 2011 اور 2025 کے دوران بحری جہازوں سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے علاوہ 1993 سے 2025 تک کے سیٹلائٹ اور سمندری حالات سے متعلق تجزیاتی اعداد و شمار بھی شامل کیے گئے۔ تحقیقی مقالے کے مطابق، گھلی ہوئی آکسیجن میں سب سے زیادہ اضافہ 300 سے 2000 میٹر کی گہرائی میں درمیانی آبی تہہ میں ہوا۔ انٹارکٹک علاقے میں آکسیجن کی مقدار میں فی کلوگرام سالانہ 2.37 مائیکرومول اور قطبی علاقے میں 1.41 مائیکرومول کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مقالے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2000 سے 5000 میٹر کی گہرائی والے پانی میں بھی انٹارکٹک خطے کے اندر آکسیجن کی مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ فی کلوگرام سالانہ تقریباً 1.95 مائیکرومول رہا۔ تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ 2011 سے 2025 کے درمیان ’ونٹر واٹر لیئر‘ یعنی سردیوں میں بننے والی پانی کی تہہ تقریباً 5 درجے عرض البلد جنوب کی طرف منتقل ہوگئی۔ یہ تبدیلی اس علاقے کی سمندری ساخت میں تبدیلی کی علامت ہے۔ این سی پی او آر کے سائنس دان ڈاکٹر سابو پی نے بتایا کہ آکسیجن کے استعمال کی اندازاً مقدار میں کمی سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ آکسیجن میں اضافے کی بنیادی وجہ سمندر میں پانی کی بہتر گردش اور آکسیجن کا گہرائی تک پہنچنا ہے۔