نئی دہلی: کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے منگل کو کہا کہ پارٹی سماج وادی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت اکتوبر کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، تاکہ جن امیدواروں کو ٹکٹ ملے، انہیں اسمبلی انتخابات کی تیاری کے لیے مناسب وقت مل سکے۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے گوتم نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ ایسا ہونا چاہیے جس میں دونوں جماعتوں کو باعزت حصہ ملے، کیونکہ وہ اتحاد میں برابر کی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیٹوں کی تعداد میں معمولی کمی بیشی پر کانگریس کو کوئی اعتراض نہیں ہے، بشرطیکہ باہمی احترام اور برابری کی شراکت داری برقرار رہے۔
گوتم نے کہا، ’’میں پوری کوشش کروں گا کہ اکتوبر کے اندر سیٹوں کی بات چیت مکمل کر لی جائے، تاکہ جن لوگوں کو ٹکٹ ملے، انہیں تیاری کا وقت مل سکے۔ میرا ماننا ہے کہ باعزت حصہ ملے گا، کیونکہ ہم برابر کے شراکت دار ہیں اور برابر کا احترام اور برابر سیٹیں چاہتے ہیں۔ البتہ ہم لچک رکھتے ہیں۔ سیٹوں کی تعداد میں تھوڑا بہت اوپر نیچے کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘
‘ تاہم گوتم نے کہا کہ کانگریس اتر پردیش کی تمام 403 اسمبلی نشستوں کے لیے اپنی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس کا فیصلہ سینئر لیڈروں کے ساتھ بیٹھ کر کیا جائے گا، لیکن میں یہ بتا رہا ہوں کہ میری تیاری تمام 403 نشستوں کے لیے جاری ہے اور دن رات کام ہو رہا ہے۔‘‘ گوتم کے یہ بیان 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے سامنے آئے ہیں۔ ریاست میں سیاسی جماعتیں اپنے اتحاد اور انتخابی حکمت عملی کو مضبوط بنانے میں مصروف ہیں۔ دریں اثنا، کیرانہ سے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ناہید حسن نے کہا کہ ایس پی اور کانگریس کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے اور اتحاد صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ایس پی اور کانگریس نے مل کر ایک حکمت عملی بنائی ہے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے بارے میں کچھ باتیں کہتی رہتی ہیں اور اسی حکمت عملی کے تحت ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو الجھن میں رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس کے ترجمان سریندر راجپوت نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ انڈیا اتحاد کے اندر غور و خوض کے بعد پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے راجپوت نے کہا کہ مشترکہ اجلاسوں میں سیٹوں کی تقسیم کے تمام ممکنہ فارمولوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت اور سماج وادی پارٹی کی قیادت اس معاملے پر مناسب اور بروقت فیصلہ کرے گی۔