آسام میں کولکاتا-سائیرانگ ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتریں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2026
آسام میں کولکاتا-سائیرانگ ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتریں
آسام میں کولکاتا-سائیرانگ ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتریں

 



گوہاٹی: آسام کے کامروپ میٹرو ضلع میں بدھ کی صبح ڈگارو ریلوے اسٹیشن پر کولکاتا-سائیرانگ ایکسپریس (ٹرین نمبر 13125) کا انجن اور 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے مطابق اس حادثے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 6:54 بجے پیش آیا۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور انہیں متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچنے والے ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ اس نے ریلوے اسٹیشن کے قریب 6 بوگیوں کو پٹری سے اترا ہوا دیکھا۔

مقامی باشندے نے کہا، ’’میں صبح کی سیر کے لیے نکلا ہوا تھا کہ حادثے کی اطلاع ملی۔ میں فوراً جائے حادثہ پر پہنچا، جو ڈگارو ریلوے اسٹیشن سے تقریباً 500 میٹر دور ہے۔ وہاں پہنچنے پر دیکھا کہ 6 بوگیاں پٹری سے اتری ہوئی ہیں۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔‘‘ اس شخص نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹرین کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہوگا۔ اس نے بتایا کہ جائے حادثہ کے قریب کئی مکانات بھی موجود ہیں۔ اس نے کہا، ’’ہم نے سنا ہے کہ ٹرین کے بریک فیل ہوگئے تھے۔ قریب ہی کئی مکانات تھے، لیکن خوش قسمتی سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔‘

‘ مقامی باشندے نے واقعے کے لیے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، ’’ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی انجن کے بریک فیل ہوگئے، یہ بہت بڑی بات ہے۔ ہم وزارت ریلوے اور مالی گاؤں میں واقع نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے تمام افسران سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آخر یہ کیا ہو رہا ہے؟ کیا وہ ٹرینوں کی جانچ نہیں کرتے؟ اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور جو لوگ ذمہ دار ہیں، انہیں سزا ملنی چاہیے۔ ہمارا یہی مطالبہ ہے۔‘‘ حادثے کے بعد مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ ریلوے کے جنرل منیجر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔

حادثے کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے پیر کی رات گجرات میں دہود سے جاکوٹ کی طرف جانے والی ایک مال گاڑی کے 2 پہیے ڈھیڈیلا کے قریب پٹری سے اتر گئے تھے، جس سے ڈاؤن لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی تھی۔ حادثے کے وقت خالی مال گاڑی مدھیہ پردیش کی جانب جا رہی تھی۔ اس واقعے کے باعث دہلی جانے والی 2 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ریلوے کی ٹیموں نے فوری طور پر پٹری کی بحالی کا کام شروع کر دیا تھا۔ اس حادثے میں بھی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں تھی۔ ایک اور واقعے میں تمل ناڈو کے ضلع تروپتور میں جولاّرپیٹ جنکشن کے ریلوے یارڈ سے 7 خالی بوگیاں مبینہ طور پر بغیر نگرانی کے خودبخود چل پڑیں۔ یہ بوگیاں انجن کے بغیر تقریباً 6 کلومیٹر تک چلتی رہیں اور تھاملیری متھور کے قریب پٹری سے اتر گئیں۔ اس واقعے سے بنگلورو اور چنئی کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی تھی۔