نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کی سابق مینیجنگ ڈائریکٹر چترا رام کرشن کی اس عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا، جس میں ان کے خلاف کو-لوکیشن گھوٹالہ معاملے میں انسداد بدعنوانی قانون کے تحت جرائم کا نوٹس لینے کے عدالتی حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ کو-لوکیشن سہولت کے تحت این ایس ای بروکروں کو ایک مقررہ فیس پر اپنے سرور این ایس ای کے ڈیٹا سینٹر میں رکھنے کی اجازت دیتا ہے، جس سے انہیں شیئر مارکیٹ کے فیڈ تک تیزی سے رسائی مل سکتی ہے۔ رام کرشن نے دہلی ہائی کورٹ کے 9 جولائی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
ہائی کورٹ نے ان کے خلاف انسداد بدعنوانی قانون کے تحت جرائم کا نوٹس لینے والے ماتحت عدالت کے حکم کے خلاف دائر ان کی عرضی خارج کر دی تھی۔ ان کی عرضی پر جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس کے ونود چندرن کی بنچ نے سماعت کی۔ رام کرشن کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل بلبیر سنگھ نے دلیل دی کہ این ایس ای ایک نجی کمپنی ہے اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ عرضی گزار کوئی سرکاری یا عوامی ذمہ داری انجام دے رہی تھیں۔ بنچ نے ان کی عرضی نمٹاتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ٹرائل کورٹ کے سامنے اٹھایا جا سکتا ہے، جو حقائق اور حالات کی بنیاد پر اس پر آزادانہ طور پر غور کرے گی۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ این ایس ای ’’عوامی مفاد کا کام‘‘ کرتا ہے اور اس کی سی ای او اور مینیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے رام کرشن نے بھی ایسے فرائض انجام دیے، جن میں عام لوگوں کا مفاد شامل تھا۔ ہائی کورٹ نے این ایس ای کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے رام کرشن کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے دی گئی منظوری کو بھی برقرار رکھا تھا۔ رام کرشن کو-لوکیشن گھوٹالہ معاملے میں ملزم ہیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ اس حکم پر صرف اس محدود شرط کے ساتھ عمل ہوگا کہ ان کے معاملے میں انسداد بدعنوانی ایکٹ کے اطلاق سے متعلق سوالات کا تعین کیا جائے۔ صرف اسی بنیاد پر کارروائی کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔
رام کرشن نے ہائی کورٹ میں دلیل دی تھی کہ انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت ’’عوامی ملازم‘‘ کی تعریف انتہائی مبہم ہے اور اسے منسوخ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ یہ قانون کسی نجی لمیٹڈ کمپنی میں کام کرنے والے نجی افراد پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسے انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت ’’عوامی ملازم‘‘ کی تعریف اتنی مبہم یا غیر واضح نہیں لگی کہ اسے غیر آئینی قرار دیا جائے۔
این ایس ای کا کو-لوکیشن گھوٹالہ 2010 سے 2014 کے درمیان کا معاملہ ہے۔ الزام ہے کہ کچھ بروکروں نے بعض نامعلوم افسران کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرکے الگورتھم اور کو-لوکیشن سہولت کا غلط استعمال کیا اور اس سے بھاری منافع کمایا۔ اس وقت رام کرشن این ایس ای کے کام کاج کی ذمہ داری سنبھال رہی تھیں۔ رام کرشن کو 2009 میں این ایس ای کا جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا اور وہ 31 مارچ 2013 تک اس عہدے پر رہیں۔ اس کے بعد یکم اپریل 2013 کو انہیں مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا گیا۔