سی ایم آر ایل رشوت معاملہ: وجین اور دیگر کی تحقیقات پر ایک ہفتے کی روک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2026
سی ایم آر ایل رشوت معاملہ: وجین اور دیگر کی تحقیقات پر ایک ہفتے کی روک
سی ایم آر ایل رشوت معاملہ: وجین اور دیگر کی تحقیقات پر ایک ہفتے کی روک

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مبینہ سی ایم آر ایل رشوت معاملے میں کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ پنارائی وجین، ان کی بیٹی وینا ٹی اور داماد پی اے محمد ریاض کے خلاف تحقیقات پر بدھ کے روز ایک ہفتے کے لیے روک لگا دی۔ جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے وجین اور دیگر کو کیرالہ ہائی کورٹ کے ایک جج کے فیصلے کے خلاف ڈویژن بنچ سے رجوع کرنے کی اجازت دے دی۔

اس سے پہلے 15 اکتوبر کو کیرالہ ہائی کورٹ نے وجین، وینا اور ریاض کی ان درخواستوں کو مسترد کردیا تھا، جن میں 9 اکتوبر کے یک رکنی بنچ کے حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ’’بدعنوانی کے معاملے میں کسی ملزم کو ایف آئی آر درج ہونے سے پہلے اپنا موقف پیش کرنے کا قانونی حق حاصل نہیں ہے۔‘

‘ تینوں نے ہائی کورٹ میں اپنی درخواستوں میں دعویٰ کیا تھا کہ ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دینے سے پہلے یک رکنی بنچ نے ان کا موقف نہیں سنا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جس درخواست پر یک رکنی بنچ نے 9 اکتوبر کو حکم جاری کیا تھا، وہ مفاد عامہ کی عرضی کی نوعیت کی تھی۔ اس لیے اس کی سماعت مفاد عامہ کی عرضیوں کی سماعت کرنے والی ڈویژن بنچ کو کرنی چاہیے تھی۔ اس معاملے میں وجین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نگرانی اور انسداد بدعنوانی بیورو (وی اے سی بی) کی خصوصی تفتیشی یونٹ ایک کی جانب سے دو ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد ہائی کورٹ میں اپیل کی گئی تھی۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے 9 اکتوبر کو وی اے سی بی کو ہدایت دی تھی کہ وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ریاستی پولیس کو سونپی گئی ایک رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کرے۔ ای ڈی نے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت اپنی تحقیقات اور چھاپوں کے دوران جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی تھی۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ سی ایم آر ایل نے آئی ٹی کنسلٹنسی خدمات کی ادائیگی کے نام پر وینا کی کمپنی ’ایگزا لاجک سولیوشنز‘ کو 2.78 کروڑ روپے کی فرضی ادائیگی کی تھی۔ یہ کمپنی اب بند ہوچکی ہے۔