دھامی نے گوردھن پوجا پر گائے کی پوجا کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
دھامی نے گوردھن پوجا پر گائے کی پوجا کی
دھامی نے گوردھن پوجا پر گائے کی پوجا کی

 



دہرادون: اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے منگل کو گوردھن پوجا کے موقع پر اپنی سرکاری رہائش گاہ پر روایتی رسومات ادا کیں اور گائے ماتا کی پوجا کی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے عوام کی خوشی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔ پوجا کے دوران دھامی نے گائے کے ماتھے پر تلک لگایا، اسے پھولوں کی مالا پہنائی اور اس کے بعد عبادت کی۔ وزیر اعلیٰ نے عوام کو گوردھن پوجا کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار فطرت، مویشیوں اور ماحول کے تحفظ کے تئیں عقیدت اور شکرگزاری کی علامت ہے۔ انہوں نے ہندوستانی تہذیب میں گائے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ گائے کا تحفظ اور اس کی دیکھ بھال ہمیشہ سے ملک کی ثقافتی روایات کا لازمی حصہ رہی ہے۔

اس سے قبل اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور میں گوردھن پوجا کی اور گائے کے تحفظ و فلاح و بہبود کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے گائے کو ہندوستان کی زرعی اور رشی منیوں کی روایات کی روح قرار دیا۔ اس موقع پر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’ہندوستان جیسے ملک میں، جہاں زراعت اور رشی منیوں کی روایات کی گہری جڑیں موجود ہیں، گائے اس کی روح کی حیثیت رکھتی ہے۔ ابھی یہاں گوردھن پوجا کے موقع پر گائے کی پوجا کی تقریب مکمل ہوئی ہے۔ گائے محض ایک جانور نہیں بلکہ اس دنیا کا ایک انمول تحفہ اور خوشحالی کا خزانہ ہے۔ جس روایت میں گائے کے تحفظ اور اس کی پرورش کے لیے سچی کوششیں کی جاتی ہیں، وہاں خوشی اور خوشحالی خود بخود آتی ہے۔‘

‘ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اتر پردیش حکومت نے اب تک 7,700 سے زیادہ گؤشالائیں قائم کی ہیں، جہاں اس وقت 16 لاکھ سے زیادہ بے سہارا مویشی رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے گائے کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے حکومت کی جانب سے چلائی جارہی 3 اسکیموں کا بھی ذکر کیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے ہم نے اتر پردیش میں بے سہارا مویشیوں کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے ایک نئی پہل کی ہے۔ اس کے تحت 7,700 سے زیادہ گؤشالائیں قائم کی گئی ہیں، جہاں اس وقت 16 لاکھ سے زیادہ مویشی موجود ہیں۔

ریاستی حکومت اس وقت 3 طرح کی اسکیمیں چلا رہی ہے۔ پہلی اسکیم کے تحت بے سہارا مویشیوں کے لیے سرکاری گؤشالائیں قائم کی گئی ہیں۔‘‘ دوسری اسکیم کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کسان سرکاری گؤشالاؤں سے مویشی لے کر ان کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے حکومت ہر گائے پر ماہانہ 1,500 روپے کی مالی امداد دیتی ہے۔ ایک کسان زیادہ سے زیادہ 4 گایوں کی دیکھ بھال کرسکتا ہے، جس سے اسے ہر ماہ 6,000 روپے کی اضافی آمدنی ہوسکتی ہے۔