سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو ڈوڈہ انتظامیہ کو ہدایت دی کہ بادل پھٹنے سے آنے والے اچانک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور ضروری معاونت فراہم کی جائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس پر لکھا، ’’تھاتھری علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے بات کی۔ کئی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
‘‘ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور قومی شاہراہ این ایچ-244 کو کھولنے سمیت بحالی کے کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ منگل کو جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے قصبہ تھاتھری کے بالائی علاقوں میں شدید بارش کے بعد بادل پھٹنے سے اچانک سیلاب آ گیا، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات، دکانوں اور گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔