نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز یوم اطفال کے موقع پر راشٹرپتی بھون کے کلچرل سینٹر میں مختلف اسکولوں اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو عزم، لگن اور مستقل محنت کے ساتھ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دی۔ صدر جمہوریہ کے سرکاری ایکس ہینڈل پر جاری بیان کے مطابق دروپدی مرمو نے یوم اطفال کے موقع پر مختلف اسکولوں اور تنظیموں کے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں زندگی میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے عزم، محنت اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے بھی اس موقع پر بچوں کو مبارکباد پیش کی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، ’’یوم اطفال کے موقع پر تمام نوجوان ذہنوں کو دلی مبارکباد! ہمارے بچے ترقی یافتہ ہندوستان کے معمار ہیں۔ آج ہم ان کے تجسس کو پروان چڑھانے، معیاری تعلیم یقینی بنانے اور انہیں بڑے خواب دیکھنے اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہر ممکن موقع فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘
President Droupadi Murmu met and interacted with the children of various schools and organizations at Rashtrapati Bhavan Cultural Centre on the occasion of Children's Day. She encouraged them to pursue their dreams with commitment, dedication and perseverance. https://t.co/sJMSRUvri7
— President of India (@rashtrapatibhvn) November 14, 2026
‘ واضح رہے کہ ملک بھر میں ہر سال 14 نومبر کو پنڈت جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش کے موقع پر یوم اطفال منایا جاتا ہے۔ بچوں سے خصوصی محبت اور شفقت کے باعث انہیں ’چچا نہرو‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ نہرو کی وفات کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ ان کی سالگرہ کو ہندوستان میں ’بال دیوس‘ یعنی یوم اطفال کے طور پر منایا جائے گا۔ جواہر لعل نہرو 14 نومبر 1889 کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں پیدا ہوئے تھے اور 27 مئی 1964 کو ان کا انتقال ہوا۔ ملک کی آزادی کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنے کے بعد وہ 15 اگست 1947 کو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم بنے۔
یوم اطفال کے موقع پر ملک بھر کے اسکولوں میں طلبہ کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جن میں کھیل کود، مقابلے اور دیگر تفریحی پروگرام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری اداروں کی جانب سے آنجہانی وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ سال 1954 میں اقوام متحدہ نے 20 نومبر کو عالمی یوم اطفال قرار دیا تھا۔ ہندوستان میں 1956 سے قبل اسی تاریخ کو یوم اطفال منایا جاتا تھا، تاہم 1964 میں وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے انتقال کے بعد پارلیمنٹ میں متفقہ قرارداد منظور کرکے ان کی یوم پیدائش، 14 نومبر، کو قومی یوم اطفال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔