ہریانہ میں پان مسالہ کمپنی کی 116 کروڑ روپے کی سیس چوری پکڑی گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
ہریانہ میں پان مسالہ کمپنی کی 116 کروڑ روپے کی سیس چوری پکڑی گئی
ہریانہ میں پان مسالہ کمپنی کی 116 کروڑ روپے کی سیس چوری پکڑی گئی

 



نئی دہلی: ہریانہ کے ریواڑی ضلع میں پان مسالہ بنانے والی ایک کمپنی کی جانب سے ہیلتھ سکیورٹی سے نیشنل سکیورٹی (ایچ ایس این ایس) سیس کی مبینہ طور پر 116.48 کروڑ روپے کی چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ایک سرکاری بیان کے مطابق سینٹرل گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (سی جی ایس ٹی) کے فریدآباد کمشنریٹ کے افسران نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 16 نومبر کو ریواڑی کے رام گڑھ روڈ پر واقع ایک کمپنی کے ٹھکانے پر تلاشی لی۔

شبہ تھا کہ وہاں لازمی ایچ ایس این ایس سیس ادا کیے بغیر پان مسالہ تیار کیا جارہا ہے۔ تلاشی کے دوران افسران کو وہاں عمودی پاؤچ پیکنگ کی 4 مشینیں نصب ملیں۔ ان مشینوں کے ذریعے ’دھن راج‘ برانڈ کے نام سے پان مسالہ تیار کیا جارہا تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے نہ تو ایچ ایس این ایس سیس ایکٹ، 2025 کے تحت رجسٹریشن کرایا تھا اور نہ ہی قانون کی دفعات کے مطابق اپنی پیکنگ مشینوں کا اندراج کرایا تھا۔

وزارت نے بتایا کہ ایچ ایس این ایس سیس ایکٹ، 2025 کے تحت حساب لگانے پر کمپنی کی جانب سے مبینہ طور پر چوری کیے گئے سیس کی رقم 116.48 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ایچ ایس این ایس سیس یکم فروری 2026 سے نافذ ہوا تھا۔ یہ سیس پان مسالہ تیار کرنے والی کمپنیوں پر ان کی فیکٹریوں میں نصب مشینوں کی پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر عائد کیا جاتا ہے۔ وزارت کے مطابق مشینوں کا اعلان کیے بغیر ان کے ذریعے پان مسالہ تیار کرنا اس قانون کے تحت جرم ہے۔

تلاشی کی کارروائی کے بعد مشینوں کا مالک اور انہیں چلانے والا ایک شخص گرفتار کرلیا گیا۔ اسے متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ یہ کارروائی ایچ ایس این ایس سیس ایکٹ، 2025 کی دفعات پر عمل درآمد نہ کرنے کے شبہے میں سی جی ایس ٹی فریدآباد کمشنریٹ کی جانب سے کی گئی ہے۔