نئی دہلی: بار کونسل آف انڈیا (بی سی آئی) نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور لا کالجوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ طلبہ کو داخلہ دینے سے پہلے اپنے الحاق اور منظوری کی حیثیت واضح طور پر بتائیں۔ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ کسی یونیورسٹی سے الحاق یا ریاستی حکومت سے اجازت ملنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس کے لا کورس کو بار کونسل آف انڈیا سے بھی منظوری حاصل ہے۔ 19 نومبر کو جاری ایک عوامی ہدایت نامے میں بی سی آئی نے 3 سالہ ایل ایل بی اور 5 سالہ انٹیگریٹڈ لا کورسز میں داخلہ لینے کے خواہش مند طلبہ سے کہا ہے کہ وہ داخلہ لینے یا کوئی فیس جمع کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے کی قانونی حیثیت، یونیورسٹی سے الحاق، بی سی آئی کی مخصوص منظوری، طلبہ کے لیے منظور شدہ نشستوں کی تعداد اور متعلقہ تعلیمی سیشن کی تصدیق ضرور کرلیں۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ ایسے لا کورس سے ڈگری حاصل کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں جسے ضروری قانونی منظوری یا شناخت حاصل نہ ہو۔ ایسی ڈگری کی بنیاد پر وکیل کی حیثیت سے اندراج کرانے میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ یہ ہدایت نامہ سپریم کورٹ کے 9 اکتوبر کے ایک حکم کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ عائشہ جین بنام ایمیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا اور دیگر سے متعلق تھا۔ اس مقدمے میں عدالت نے ان اطلاعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا تھا کہ بعض تعلیمی ادارے مبینہ طور پر ضروری تصدیق اور قانونی اختیار کے بغیر کام کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) اور دیگر متعلقہ ضابطہ ساز اداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ عوامی ہدایت نامے جاری کرکے طلبہ اور عام لوگوں کو خبردار کریں کہ کسی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے یا اس سے کسی قسم کا معاملہ کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کرلیں۔ قانونی تعلیم سے متعلق ضابطوں کی وضاحت کرتے ہوئے بی سی آئی نے کہا ہے کہ کسی یونیورسٹی کا قیام، ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت یا این او سی (عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ) ملنا، یا کسی یونیورسٹی سے الحاق ہونا، 2008 کے قانونی تعلیم کے ضابطوں کے تحت بار کونسل سے حاصل کی جانے والی لازمی منظوری کا متبادل نہیں ہوسکتا۔
کونسل نے قانونی تعلیم کے ضابطوں 2008 کے قاعدہ 14 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی ایسی ڈگریاں فراہم کرنے والے تعلیمی مراکز، جن کی بنیاد پر طلبہ وکیل کی حیثیت سے اندراج کے اہل ہوتے ہیں، کے لیے ضروری ہے کہ وہ متعلقہ قانونی دفعات کے مطابق بی سی آئی سے مطلوبہ منظوری حاصل کریں۔ بی سی آئی نے طلبہ کو خاص طور پر مشورہ دیا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ کسی ادارے کو دی گئی منظوری میں وہی لا پروگرام اور تعلیمی سیشن شامل ہے جس میں وہ داخلہ لینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ منظور شدہ سیکشنوں کی تعداد اور طلبہ کے لیے مقررہ نشستوں کا بھی جائزہ لیں کہ آیا وہ بار کونسل کی منظوری کے مطابق ہیں یا نہیں۔ کونسل نے واضح کیا ہے کہ کسی ایک کورس، تعلیمی سیشن، سیکشن یا نشستوں کی تعداد کے لیے حاصل کی گئی منظوری کو خود بخود کسی دوسرے کورس یا آئندہ تعلیمی سیشن کی منظوری نہیں سمجھا جاسکتا۔
تعلیمی اداروں اور داخلہ ایجنسیوں کو خبردار کرتے ہوئے بی سی آئی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں، لا کالجوں، قانونی تعلیم کے مراکز اور ان کی جانب سے کام کرنے والے افراد کو اپنی شناخت، الحاق، منظوری، منظور شدہ نشستوں یا پیشہ ورانہ قانونی تعلیم فراہم کرنے کی اہلیت کے بارے میں گمراہ کن دعوے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کونسل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ منظوری کے لیے درخواست جمع کرانا، مقررہ فیس ادا کرنا، معائنہ کرانا، معائنہ ٹیم کی سفارش حاصل کرنا یا بی سی آئی کے سامنے کسی تجویز کا زیر غور ہونا، اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ ادارے کو منظوری مل چکی ہے۔
بی سی آئی کے مطابق اشتہارات، پراسپیکٹس، تشہیری مواد اور اداروں کی ویب سائٹس پر منظوری سے متعلق معلومات درست ہونی چاہئیں اور ان میں صرف اسی منظوری کا دعویٰ کیا جانا چاہیے جو حقیقت میں دی گئی ہو۔ ہدایت نامے میں طلبہ، والدین اور سرپرستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لا کالجوں کی اسناد اور قانونی حیثیت کی تصدیق بی سی آئی کی سرکاری ویب سائٹ، متعلقہ ضابطہ ساز اداروں کے نوٹیفکیشن اور منظوری کے خطوط کے ذریعے کریں۔ اس کے ساتھ متعلقہ یونیورسٹی کے ریکارڈ کو بھی ضرور دیکھیں جس سے ادارہ الحاق شدہ ہے۔ اگر کسی ادارے، کورس، منظور شدہ نشستوں یا تعلیمی سیشن کی منظوری کے بارے میں کوئی شبہ ہو تو طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ داخلہ حتمی کرنے سے پہلے بی سی آئی کے سرکاری طور پر جاری کردہ ذرائع سے براہ راست وضاحت حاصل کریں۔
کونسل نے یونیورسٹیوں اور قانونی تعلیم کے مراکز کو بھی پابند کیا ہے کہ وہ اپنی قانونی حیثیت، الحاق، بی سی آئی کی منظوری، منظور شدہ کورسز، نشستوں کی تعداد اور متعلقہ تعلیمی سیشن کی تازہ ترین تفصیلات طلبہ کے لیے آسانی سے دستیاب رکھیں۔ ایسے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ طلب کرنے پر منظوری اور الحاق سے متعلق دستاویزات فراہم کریں اور اپنی منظوری کے ساتھ منسلک تمام شرائط اور پابندیوں کی بھی وضاحت کریں۔ کوئی بھی ادارہ زیر التوا درخواست، معائنے یا تجویز کو پہلے سے حاصل شدہ منظوری کے طور پر پیش نہیں کرسکتا۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے بی سی آئی نے کہا ہے کہ ضروری منظوری یا شناخت کے بغیر لا کورس میں داخلہ لینے والے طلبہ کو وکیل کی حیثیت سے اندراج کے لیے اپنی ڈگری کی منظوری حاصل کرنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔
تاہم، اس سلسلے میں متعلقہ قانونی دفعات، عدالتی احکامات اور متاثرہ طلبہ کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے قانونی اقدامات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ کونسل نے مزید کہا کہ جو یونیورسٹیاں اور لا کالج غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کریں گے، منظوری کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلبہ کو داخلہ دیں گے یا بی سی آئی کی ضروری منظوری کے بغیر کام کریں گے، ان کے خلاف ایڈووکیٹس ایکٹ 1961، قانونی تعلیم کے ضابطوں 2008 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقررہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے۔ بی سی آئی نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں اور پیشہ ورانہ قانونی تعلیم فراہم کرنے والے مراکز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس ہدایت نامے کو اپنی سرکاری ویب سائٹس، داخلہ نوٹس، پراسپیکٹس اور نوٹس بورڈ پر نمایاں طور پر شائع کریں۔ تمام ریاستی بار کونسلوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس ہدایت نامے کو عام کریں تاکہ طلبہ، والدین اور عوام کو اس سلسلے میں ضروری معلومات فراہم ہوسکیں۔