بالاجی شریواستو دہلی کے نئے پولیس کمشنر مقرر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
ایک کی رخصتی اور ایک کی آمد
ایک کی رخصتی اور ایک کی آمد

 

 

 نئی دہلی:آج انڈین پولیس سروس کے سینئر افسر بالاجی شریواستو کو دہلی پولیس کا نیا کمشنر مقررکیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 1988 بیچ کے آئی پی ایس بالاجی شریواستو کو دہلی پولیس کا نیا کمشنربنایا گیا ہے۔ شریواستو کو فی الحال پولیس کمشنر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت اسپیشل کمشنر آف پولیس (ویجیلنس) کے عہدے پر تعینات ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کمشنر ایس این شریواستو کل ریٹائرہوں گے

ایس این سریواستو 1985 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ سنہ 2020 میں جب دارالحکومت میں فسادات ہوئے تو انہیں خصوصی کمشنر لاء اینڈ آرڈر کے عہدے پر لایا گیا۔ 28 فروری 2020 کو جب اس وقت کے پولیس کمشنر امولیا پٹنائک ریٹائر ہوئے تو ایس این سریواستو کو پولیس کمشنر کا اضافی چارج سونپا گیا تھا۔ مئی 2021 میں انہیں دہلی پولیس کا کمشنر مقرر کرنے کے لئے ایک خط وزارت داخلہ کی طرف سے دیا گیا تھا۔ آئندہ 30 جون کو انہیں ریٹائر ہونا ہے۔ اس سے محض ایک روز قبل ہی مرکزی حکومت نے ان کے لئے سبکدوشی کا حکم جاری کیا ہے۔

 بالاجی سریواستو 1988 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ وہ دہلی پولیس میں بہت سے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ حال ہی میں وہ پڈوچیری کے ڈی جی تھے، جہاں سے وہ چند ماہ قبل ہی دہلی پولیس میں واپس آئے ہیں۔ اس وقت وہ اسپیشل کمشنر ویجیلنس کا چارج سنبھال رہے ہیں۔ اب انہیں پولیس کمشنر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔