ذاکر نائیک کی تنظیم آئی آر ایف کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستوں کو سونپے گئے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
ذاکر نائیک کی تنظیم آئی آر ایف کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستوں کو سونپے گئے
ذاکر نائیک کی تنظیم آئی آر ایف کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستوں کو سونپے گئے

 



نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے مفرور مبلغ ذاکر نائیک کی تنظیم ’اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن‘ (آئی آر ایف) کے خلاف کارروائی کے لیے ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی مخصوص دفعات کے تحت اختیارات سونپ دیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت اب ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے تنظیم کے مالی وسائل اور اس کے زیر استعمال عمارتوں و دیگر املاک کے خلاف کارروائی کرسکیں گے۔ وزارت داخلہ نے 26 نومبر کی دیر رات جاری ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے یو اے پی اے کی دفعات 7 اور 8 کے تحت حاصل اختیارات ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بھی استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ان دفعات کے تحت مرکزی حکومت کسی غیر قانونی قرار دی گئی تنظیم کے مالی وسائل منقطع کرنے اور اس کے زیر استعمال عمارتوں یا دیگر مقامات پر قبضہ یا ان کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی کارروائی کرسکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعہ 42 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت ہدایت دیتی ہے کہ دفعہ 7 اور 8 کے تحت اس کے پاس موجود تمام اختیارات اب متعلقہ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ بھی استعمال کرسکیں گی۔

یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے 13 نومبر کو اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر عائد پابندی میں مزید 5 سال کی توسیع کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ وزارت نے تنظیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی مسلسل تیسری مرتبہ بڑھائی تھی۔ وزارت کے مطابق تنظیم ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور جن سے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملک کے سیکولر ڈھانچے کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی بنیاد ذاکر نائیک نے فروری 1991 میں ممبئی میں رکھی تھی۔ ذاکر نائیک ہندوستان چھوڑ کر ملائیشیا منتقل ہوگئے تھے، جہاں انہیں مستقل رہائش حاصل ہے۔

مرکزی وزارت داخلہ نے 17 نومبر 2016 کو یو اے پی اے کی دفعات 3(1) اور 3(3) کے تحت آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر 5 سال کے لیے پابندی عائد کی تھی۔ بعد ازاں 15 نومبر 2021 کو اس پابندی میں مزید 5 سال کی توسیع کی گئی۔ ہندوستانی حکام اور خفیہ ایجنسیاں ذاکر نائیک اور ان کی تنظیم پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو فروغ دینے کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔ وزارت داخلہ نے پابندی میں تازہ توسیع کے وقت اپنے نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ تنظیم اور اس کے ارکان، بالخصوص اس کے بانی اور صدر ذاکر عبد الکریم نائیک المعروف ڈاکٹر ذاکر نائیک، مذہب کی بنیاد پر مختلف برادریوں کے درمیان اختلافات، دشمنی، نفرت اور بدخواہی کے جذبات کو فروغ دینے یا اس کی کوششوں میں اپنے پیروکاروں کی حوصلہ افزائی اور مدد کر رہے تھے۔

وزارت کے مطابق ایسی سرگرمیاں ملک کے اتحاد اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔ وزارت نے ذاکر نائیک کی تقاریر اور بیانات کو قابل اعتراض اور تخریبی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ذریعے مختلف مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو ہوا دی گئی اور ہندوستان سمیت بیرون ملک ایک مخصوص مذہب کے نوجوانوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے ترغیب دی گئی۔ وزارت داخلہ کے مطابق ذاکر نائیک بین الاقوامی سیٹلائٹ ٹیلی ویژن نیٹ ورکس، انٹرنیٹ، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں افراد تک اپنے بیانات اور تقاریر پہنچاتے رہے ہیں۔

وزارت نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ اگر آئی آر ایف کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکا اور قابو نہیں کیا گیا تو تنظیم اپنی تخریبی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہے اور مفرور کارکنوں کو دوبارہ منظم کرسکتی ہے۔ اس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے، ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہنچنے، ملک مخالف جذبات پھیلنے اور عسکریت پسندی کی حمایت کے ذریعے علیحدگی پسندی کو فروغ ملنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

وزارت کے مطابق ایسی سرگرمیاں ملک کی خودمختاری، اتحاد اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی دفعہ 5 کے تحت قائم ٹریبونل نے بھی آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔ ٹریبونل نے 22 مئی 2017 اور 30 مارچ 2022 کو اپنے احکامات میں قرار دیا تھا کہ تنظیم کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے کافی بنیادیں موجود ہیں۔