آسام: مسافر گاڑی اور کنٹینر ٹرک میں خوفناک تصادم، 24 ہلاک،سی ایم کا اظہار افسوس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
آسام میں مسافر گاڑی اور کنٹینر ٹرک میں خوفناک تصادم، 24 افراد ہلاک
آسام میں مسافر گاڑی اور کنٹینر ٹرک میں خوفناک تصادم، 24 افراد ہلاک

 



گولاگھاٹ (آسام): آسام کے گولاگھاٹ ضلع میں جمعہ کو ایک مسافر گاڑی اور کنٹینر ٹرک کے درمیان شدید ٹکر میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ کازی رنگا نیشنل پارک کے قریب رونگاجان علاقے میں پیش آیا۔ ریاستی وزیر اور بوکاکھاٹ کے رکن اسمبلی اتل بورا حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کے کاموں کی نگرانی کی۔

انہوں نے فون پر حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ 11 زخمیوں کو جورہاٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر زخمیوں کو بوکاکھاٹ سول ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ کازی رنگا میں پیش آنے والے اس المناک حادثے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ان کی ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت انتظامیہ کی سب سے بڑی ترجیح زخمیوں کو بلا تاخیر بہترین طبی سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاستی وزیر اتل بورا موقع پر موجود ہیں اور راحت و بچاؤ کے انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔ پولیس کے مطابق مسافر گاڑی اور ٹرک کے درمیان آمنے سامنے کی شدید ٹکر کے بعد کئی افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ حادثے میں متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے مقام پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔