گوہاٹی: آسام کابینہ نے جمعہ کو 75 قراردادیں منظور کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔ ان قراردادوں میں آسام اور شمال مشرقی ہندوستان میں ترقی، امن و سلامتی، رابطہ کاری، بنیادی ڈھانچے، صنعت اور سماجی شعبوں میں ہونے والی وسیع تبدیلیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی صدارت میں کابینہ کا 90 منٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مودی کی مسلسل 25 سالہ عوامی خدمات پر غور کیا گیا۔
مودی نے پہلے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور اس کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ سرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’امن نے ترقی کے لیے حالات پیدا کیے، بہتر رابطہ کاری نے مواقع کے دروازے کھولے، صنعت اور سرمایہ کاری نے معیشت کے لیے نئے امکانات پیدا کیے، جبکہ صحت اور تعلیم نے انسانی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا۔‘
‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کابینہ نے اس بات کو ریکارڈ پر لاتے ہوئے اپنی ستائش کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی 25 سالہ عوامی زندگی، بالخصوص وزارتِ عظمیٰ کے دور میں، آسام میں اقتصادی، سماجی، بنیادی ڈھانچے، تزویراتی اور تہذیبی سطح پر تبدیلیاں آئی ہیں۔
سرما کے مطابق، آسام کو پہلے بڑے پیمانے پر ایک دور دراز سرحدی علاقے کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ تیزی سے ایک پُرامن، بہتر رابطہ کاری والے، پراعتماد اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام شمال مشرقی ہندوستان کے لیے ایک اہم دروازہ بن رہا ہے اور ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے سفر میں ترقی کا ایک اہم شراکت دار بھی ہے۔