ہماری جماعت کا ایک وفد حد بندی کمیشن سے ملے گا: الطاف بخاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2021
اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری
اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری

 

 

 سری  نگر :جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا ایک وفد حد بندی کمیشن سے ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں ہم نے حد بندی سے پہلے ہی انتخابات منعقد کرانے کی بات کی تھی۔ اپنی پارٹی کے صدر نے یہ باتیں ہفتے کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں کو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ 'اپنی پارٹی کے سینیئر لیڈروں کا ایک وفد حد بندی کمیشن کے ساتھ سری نگر میں بھی اور جموں میں بھی ملاقات کرے گا اور زمینی حقائق کے پیش نظر کیا ہونا چاہئے ہم وہ ان کے سامنے پیش کریں گے'۔

الطاف  بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں ہم نے حد بندی سے پہلے ہی انتخابات منعقد کرانے کی بات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ 24 جون 2021کو جو میٹنگ وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی ہم نے اس میں کہا تھا کہ حد بندی کے بنا ہی انتخابات ہونے چاہئے لیکن وہاں وزیر داخلہ نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں چونکہ اسمبلی نشستیں بڑھ گئی ہیں لہٰذا وہاں آسام کے طرز پر انتخابات منعقد نہیں ہو سکتے'۔

بتا دیں کہ حد بندی کمیشن ماہ رواں کی چھ تاریخ کو جموں و کشمیر کے چار روزہ دورے پر آنے والا ہے۔

جس دوران وہ سیاسی جماعتوں و دوسرے گروپوں کے علاوہ یونین ٹریٹری کے جملہ بیس اضلاع کے الیکشن افسروں کے ساتھ بھی ملاقات کرے گا۔