نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کے روز بتایا کہ انڈمان و نکوبار اسٹیٹ کوآپریٹو بینک (اے این ایس سی بی ایل) میں 500 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کے معاملے میں اس نے 121.35 کروڑ روپے مالیت کی 35 غیر منقولہ اور 5 منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ضبط کی گئی جائیدادوں میں زمین کے کئی ٹکڑے، ایک ہوٹل، دو نیم آبدوز سیاحتی کشتیاں اور 3 بینک کھاتوں میں موجود رقم شامل ہے۔ ای ڈی کے کولکاتا زونل دفتر نے 5 نومبر کو انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے)، 2002 کی دفعات کے تحت عارضی ضبطی کا حکم جاری کرتے ہوئے ان 40 منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا تھا۔
ای ڈی نے انڈمان و نکوبار پولیس کے کرائم اینڈ اکنامک آفینسز پولیس اسٹیشن میں سابق رکن پارلیمنٹ کلدیپ رائے شرما اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی تھیں۔ ای ڈی کے مطابق، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کلدیپ رائے شرما اور اس وقت کے انڈمان و نکوبار اسٹیٹ کوآپریٹو بینک کے نائب چیئرمین نے بینک کے بعض افسران اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بینکنگ ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فرضی کمپنیوں کے ذریعے بڑی رقم کے قرض منظور کرائے۔ ای ڈی نے اپنے بیان میں کہا، ’’قرض کی رقم بعد میں دوسری جگہ منتقل کر دی گئی اور اسے کبھی واپس نہیں کیا گیا۔‘
‘ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، ملزمین نے 23 ایسی فرضی کمپنیاں قائم کی تھیں جن کا کوئی حقیقی کاروبار نہیں تھا۔ ان کمپنیوں میں اپنے ساتھیوں اور دیگر افراد کو کاغذی ڈائریکٹر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ ای ڈی نے بتایا کہ ان میں سے 21 کمپنیوں کو تقریباً 301.50 کروڑ روپے کے قرض منظور کیے گئے، جبکہ 18 کمپنیوں کے تقریباً 271 کروڑ روپے کے قرض غیر فعال اثاثوں (این پی اے) میں تبدیل ہو گئے۔ قرض کی رقم نقد نکالی گئی یا مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کی گئی اور اس سے ملزمین نے اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کے نام پر زمین اور دیگر جائیدادیں خریدیں۔
ای ڈی کے مطابق، ان 23 فرضی کمپنیوں کے علاوہ بھی کئی دوسری کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر بھاری قرض دیے گئے۔ ان میں کلدیپ رائے شرما کے اہل خانہ کی ملکیت والی کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ ان قرضوں کی رقم بھی خرد برد کی گئی اور واپس نہیں کی گئی۔ ایجنسی نے بتایا کہ اس معاملے میں جرائم سے حاصل ہونے والی کل رقم 500 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ای ڈی نے مزید کہا کہ بینک کے اعلیٰ افسران، جن میں نائب چیئرمین اور کلدیپ رائے شرما شامل تھے، نیز منیجنگ ڈائریکٹر کے مرگن (جو اب وفات پا چکے ہیں) نے قرض کی رقم کا تقریباً 5 فیصد بطور رشوت حاصل کیا۔
ایجنسی کے مطابق، کئی معاملات میں اصل ضرورت سے زیادہ قرض منظور کیے گئے اور منظور شدہ رقم کا ایک حصہ نقد یا فرضی کمپنیوں کے ذریعے حاصل کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی کو معلوم ہوا کہ عارضی طور پر ضبط کی گئی بیشتر جائیدادیں یا تو قرض کی خرد برد کی گئی رقم سے خریدی گئی تھیں یا پھر ان کی اصل قیمت سے کہیں زیادہ قیمت ظاہر کرکے انہیں بینک کے پاس رہن رکھا گیا تھا، تاکہ ان کی بنیاد پر دھوکہ دہی سے قرض حاصل کیے جا سکیں۔ ای ڈی نے بتایا کہ کئی معاملات میں تقریباً 1 کروڑ روپے میں خریدی گئی زمین کی قیمت قرض کی فائلوں میں 10 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ ظاہر کی گئی۔
اس کام میں بینک کے پینل میں شامل ایک ویلیوئر نے ملزمین کی مدد کی اور جائیدادوں کی فرضی قیمت مقرر کرکے قرض منظور کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایجنسی کے مطابق، ضبط کی گئی 35 غیر منقولہ جائیدادوں میں سے 15 جائیدادیں پاور آف اٹارنی یا فروخت کے معاہدوں کے ذریعے قرض لینے والوں، ملزمین اور فرضی ڈائریکٹروں کے نام پر حاصل کی گئی تھیں۔ بعد میں ان زمینوں کو ان کی حقیقی قیمت سے کہیں زیادہ قرض حاصل کرنے کے لیے انڈمان و نکوبار اسٹیٹ کوآپریٹو بینک کے پاس رہن رکھ دیا گیا۔ ضبط کی گئی جائیدادوں میں جوئے گرینڈ ہوٹل کی زمین اور عمارت بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کروشیا سے تقریباً 2.11 کروڑ روپے میں درآمد کی گئی دو نیم آبدوز سیاحتی کشتیاں بھی ضبط کی گئی ہیں، جو انڈمان ایسکیپیڈس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر رجسٹرڈ تھیں۔