نئی دہلی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ’رامائن: پارٹ 1‘ کی ٹیم سے ملاقات کی اور فلم کی دنیا بھر میں شاندار کامیابی پر فلم سازوں کو مبارک باد دی۔ ملاقات میں فلم کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا، ہدایت کار نتیش تیواری، اداکار رنبیر کپور اور سائی پلوی کے علاوہ شریک پروڈیوسر نیرج سنگھائی بھی موجود تھے۔ امیت شاہ نے ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سب سے قابل احترام رزمیہ داستانوں میں شامل ’رامائن‘ کو اتنے بڑے سنیما ئی پیمانے پر پردۂ سیمیں پر پیش کرنا ایک اہم کامیابی ہے۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو نمیت ملہوترا نے یش کے ساتھ مل کر پروڈیوس کیا ہے۔ ’رامائن: پارٹ 1‘ 5 نومبر 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
فلم میں رنبیر کپور، یش، سائی پلوی اور روی دوبے سمیت بڑی کاسٹ شامل ہے اور یہ باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلم دنیا بھر میں 2,000 کروڑ روپے کی کمائی کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کے روز فلم میں بھگوان رام کا کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور نے ’رامائن: پارٹ 1‘ کی کامیابی کے بعد دہلی کے تاریخی گرودوارہ بنگلہ صاحب کا دورہ کیا اور وہاں حاضری دے کر دعائیں کیں۔ ہدایت کار نتیش تیواری اور پروڈیوسر نمیت ملہوترا بھی اس روحانی دورے میں ان کے ساتھ تھے۔ فلم نے ہندوستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی بازاروں میں بھی ناظرین کو بڑی تعداد میں سنیما گھروں تک پہنچایا ہے۔
فلم سازوں کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق اس کی شاندار تھیٹر کارکردگی نے فلم کی ٹیم کے لیے ایک اہم سنگ میل قائم کیا ہے اور یہ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلموں میں شامل ہو گئی ہے۔ فلم کی موسیقی اے آر رحمان اور ہانس زیمر نے ترتیب دی ہے۔
’رامائن: پارٹ 1‘ قدیم ہندوستانی رزمیہ ’رامائن‘ پر مبنی دو حصوں والی سنیما ئی پیش کش کی پہلی کڑی ہے۔ فلم میں رنبیر کپور نے بھگوان رام، سائی پلوی نے سیتا، یش نے راون، روی دوبے نے لکشمن اور سنی دیول نے ہنومان کا کردار ادا کیا ہے۔ انوپم کھیر نے جٹایو کو اپنی آواز دی ہے۔ جٹایو ایک الٰہی پرندہ ہے جو کہانی میں سیتا کو راون کے اغوا سے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فلم کے دیگر اہم کرداروں میں ارون گوول، لارا دتہ اور راکل پریت سنگھ شامل ہیں۔