نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منگل کی صبح فضائی آلودگی کی سطح ’خراب‘ درجے میں ریکارڈ کی گئی، جہاں صبح 7 بج کر 5 منٹ پر ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 246 رہا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق سری فورٹ مانیٹرنگ اسٹیشن پر سب سے زیادہ اے کیو آئی 341 ریکارڈ کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔
دیگر علاقوں میں کامن ویلتھ اسپورٹس کمپلیکس کا اے کیو آئی 338، این ایس یو ٹی جعفرپور 336، آئی ٹی او 335، تلکاٹورا گارڈن 326، پوسا 322، براری کراسنگ 318، چاندنی چوک 316، این آئی ایچ نریلا 313، نارتھ کیمپس 310 اور ڈی ٹی یو میں 303 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب کینٹونمنٹ ایریا میں سب سے کم اے کیو آئی 151 رہا، جبکہ آئی ایم ڈی لودھی روڈ پر 182، میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم پر 185، بدرپور میں 188 اور اوکھلا فیز 2 میں 192 ریکارڈ کیا گیا۔ ان تمام علاقوں میں فضائی معیار ’معتدل‘ زمرے میں رہا۔
سی پی سی بی کے مطابق دارالحکومت کی فضا میں پی ایم 2.5 آلودگی کے اہم ترین اجزا میں شامل ہے۔ منگل کی صبح نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اسموگ بھی چھائی رہی۔
سی پی سی بی کی درجہ بندی کے مطابق:
دہلی حکومت نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مختلف مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کرنے والی گاڑیاں تعینات کر دی ہیں اور آلودگی میں کمی کے لیے دیگر اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
نیشنل کیپیٹل ریجن اور ملحقہ علاقوں کے کمیشن برائے فضائی معیار کے انتظام (CAQM) نے 6 نومبر کو گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (GRAP) کے تیسرے مرحلے کا نفاذ کیا تھا، جب اے کیو آئی 400 سے تجاوز کرتے ہوئے ’شدید آلودگی‘ کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔
دہلی میں فضائی آلودگی کے اعداد و شمار پر سیاسی تنازع بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دارالحکومت کی خراب فضائی صورتحال کا ذمہ دار ماضی کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت کو قرار دیا ہے۔
دوسری جانب عام آدمی پارٹی کی دہلی شاخ کے صدر سوربھ بھاردواج نے اتوار کے روز حکومت کے فضائی آلودگی کے اعداد و شمار میں مبینہ ردوبدل کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر ریکارڈ کیے جانے والے اعداد و شمار دارالحکومت کے کئی علاقوں میں آلودگی کی اصل صورتحال کی عکاسی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا، ’’آج اخبارات میں شائع ہونے والی آلودگی کی سطح حکومت کے اے کیو آئی ڈیٹا میں مبینہ ردوبدل کو بے نقاب کرتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آئی آئی ٹی دہلی کا اے کیو آئی شہر میں سب سے زیادہ ہے، حالانکہ یہ ایک سرسبز اور صاف ستھرا کیمپس ہے۔‘‘
انہوں نے حکومت کے جاری کردہ فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھائے۔