نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں ہفتہ کی صبح فضائی آلودگی کی سطح ’انتہائی خراب‘ زمرے میں برقرار رہی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق صبح 7 بج کر 5 منٹ پر دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 348 ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت شہر کے کئی علاقوں میں اسموگ کی موٹی تہہ چھائی رہی۔ صبح 7 بجے ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پی ایم 10 اور پی ایم 2.5 دہلی کی فضا میں آلودگی کے اہم عناصر رہے۔ شہر کے کئی مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر اے کیو آئی کی سطح ’شدید‘ زمرے میں پہنچ گئی۔ نارتھ کیمپس میں سب سے زیادہ 421 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئی آئی ٹی دہلی میں 419، آئی ٹی او میں 415 اور براری کراسنگ میں 410 درج کیا گیا۔
دیگر مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر فضائی معیار ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔ چاندنی چوک میں اے کیو آئی 392 اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں 390 ریکارڈ کیا گیا۔ آنند وہار میں یہ سطح 379 جبکہ چھاؤلا میں 352 رہی۔ کناٹ پلیس کے اندرونی اور بیرونی سرکل میں اے کیو آئی 326 درج کیا گیا، جبکہ میدان گڑھی میں یہ 300 ریکارڈ ہوا۔ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے 6 نومبر کو قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) اور اس سے متصل علاقوں میں گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (GRAP) کے تیسرے مرحلے یعنی گریپ-3 کو نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب دہلی حکومت نے آلودگی پر قابو پانے اور فضا میں موجود باریک ذرات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں۔
ان میں شہر بھر میں پانی کے چھڑکاؤ کے لیے واٹر اسپرنکلرز کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے بدھ کے روز بتایا تھا کہ آئی آئی ٹی کانپور کی نگرانی میں کلاؤڈ سیڈنگ کے تجربات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نفاذ اور ممکنہ بارش سے متعلق تفصیلات مطالعہ مکمل ہونے اور مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد شیئر کی جائیں گی۔ تاہم جمعرات کے روز عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما سوربھ بھاردواج نے دیوالی کے بعد دہلی میں آلودگی کی سطح میں شدید اضافے کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے شہر کے اے کیو آئی سے متعلق سی پی سی بی کے اعداد و شمار کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے دہلی کے دو کروڑ شہریوں کے ساتھ دھوکہ قرار دیا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر (CREA) کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا اور دہلی میں آلودگی کے اعداد و شمار میں مبینہ ہیر پھیر کا الزام لگایا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ آلودگی کی اصل سطح سرکاری ویب سائٹ پر دکھائے گئے اعداد و شمار سے 49 فیصد زیادہ تھی۔
بھاردواج نے کہا: ’’آج کئی اخبارات نے دہلی حکومت اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی حقیقت سامنے رکھ دی ہے۔ CREA نے بتایا کہ دہلی میں جتنی آلودگی دکھائی گئی، اصل آلودگی اس سے 49 فیصد زیادہ تھی، یعنی تقریباً ڈیڑھ گنا۔ اگر اسے اے کیو آئی کے حساب سے دیکھا جائے تو جو سطح 370 دکھائی گئی، وہ درحقیقت 560 یا اس سے بھی زیادہ تھی۔ آخر ایسا کیوں ہوا؟ کل جب ہم نے سی پی سی بی سے ملاقات کی تو انہوں نے جو اعداد و شمار دیے، وہ حیران کن تھے۔ سی پی سی بی نے بتایا کہ جب آلودگی کی سطح 999 تک پہنچ جاتی ہے تو وہ اس سے اوپر کی سطح کو ناپ نہیں سکتے اور نہ ہی 999 کو ظاہر کرتے ہیں، بلکہ اسے صفر دکھا دیا جاتا ہے۔ اس طرح آلودگی کے اعداد و شمار میں صرف نمبروں کے ساتھ ہی دھوکہ نہیں کیا گیا بلکہ دہلی کے بچوں، بزرگوں اور دو کروڑ شہریوں کی صحت کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ الزامات سی پی سی بی کے اعداد و شمار پر سوال اٹھاتے ہوئے لگائے ہیں۔